تشکیل تلنگانہ کانگریس اور سونیا گاندھی کی مرہون منت

کے چندر شیکھر راؤ کو خواب غفلت میں نہ رہنے کا مشورہ، صدر تلنگانہ پی سی سی پی لکشمیا

حیدرآباد /28 مارچ (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی پونالہ لکشمیا نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ ریاست سونیا گاندھی اور کانگریس پارٹی نے تشکیل دی ہے، لہذا سربراہ ٹی آر ایس کے چندر شیکھر راؤ خواب غفلت میں نہ رہیں۔ دہلی سے حیدرآباد پہنچتے ہی میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ کانگریس نے سیاسی اتحاد کے لئے اپنے دروازے کھلے رکھے ہیں، تاہم اس کا مطلب یہ ہرگز نہیں ہے کہ کانگریس کمزور ہے۔ کانگریس علاقہ تلنگانہ میں طاقتور ہے، لیکن وہ تلنگانہ تحریک میں حصہ لینے والی جماعتوں اور تنظیموں کو ساتھ لے کر چلنا چاہتی ہے۔ انھوں نے کانگریس ارکان اسمبلی کے بارے میں ٹی آر ایس سے رابطہ میں ہونے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ٹی آر ایس کے کئی ارکان اسمبلی کانگریس سے رابطہ میں ہیں، تاہم کانگریس پارٹی کامیابی اور سماجی انصاف کے نعرہ کو موضوع بناتے ہوئے کامیاب ہونے والے امیدواروں کو ٹکٹ دے گی۔ انھوں نے کہا کہ سی پی آئی اور کانگریس کے درمیان خوشگوار ماحول میں اتحاد کے لئے بات چیت جاری ہے۔ انھوں نے صدر ٹی آر ایس کو شخصی ریمارکس کے خلاف انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ کے چندر شیکھر راؤ نے تحریک میں حصہ لینے کی بجائے ہمیشہ فارم ہاؤس میں سوتے رہنے کو ترجیح دی اور نہ ہی تلنگانہ بل کی منظوری کے وقت پارلیمنٹ میں کوئی بات کی۔ انھوں نے سربراہ ٹی آر ایس کے منہ سے ترقی کا لفظ سن کر تعجب کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ ترقی اور تلنگانہ کی تعمیر نو کے مسئلہ پر شہر حیدرآباد کے علاوہ کسی بھی ضلع میں یا کسی بھی آبپاشی پراجکٹس کے پاس مباحث کے لئے تیار ہیں۔ انھوں نے مباحث میں کانگریس دور حکومت کی کار کردگی کے علاوہ تلگودیشم دور حکومت اور کے سی آر کے دور وزارت میں میدک، کریم نگر اور محبوب نگر میں ایوان کی نمائندگی کرنے اور مرکزی وزیر کی حیثیت سے ان کی خدمات کو بھی مباحث کا موضوع بنانے پر زور دیا۔ مسٹر پونالہ لکشمیا نے کہا کہ کانگریس علاقہ تلنگانہ میں تنہا مقابلہ کرنے کے لئے بھی پوری طرح تیار ہے۔