تشکیل تلنگانہ کاسہرا چندر شیکھر راؤ کے سر

تلنگانہ میں تمام طبقات سے یکساں انصاف : جی ویویک کا بیان

حیدرآباد۔/11مارچ، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے رکن پارلیمنٹ جی ویویک نے کہا کہ سنہری ریاست تلنگانہ کے خواب کی تکمیل صرف ٹی آر ایس سے ہی ممکن ہے۔ اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے جی ویویک نے کہا کہ انتخابات میں ٹی آر ایس لوک سبھا و اسمبلی میں شاندار مظاہرہ کریگی۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ تلنگانہ اسمبلی میں ٹی آر ایس کو اکثریت حاصل ہوگی اور مرکز میں تشکیل حکومت میں اس کا اہم رول ہوگا۔ انہوں نے کانگریس کے بعض قائدین کی جانب سے مخالف ٹی آر ایس بیانات پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ تلنگانہ عوام ان کو سبق سکھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی تشکیل کا سہرا ٹی آر ایس سربراہ چندر شیکھر راؤ کے سر ہے جنہوں نے گذشتہ 14برسوں تک جدوجہد کرکے مرکز کو تشکیل تلنگانہ پر مجبور کیا۔ ویویک نے کہا کہ نئی ریاست میں عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کیلئے مضبوط قیادت کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چندر شیکھر راؤ تلنگانہ کی ہمہ جہتی ترقی اور تمام طبقات کیساتھ یکساں انصاف کے عہد پر قائم ہیں۔