تشکیل تلنگانہ پر ایم ڈی ایف کا خیر مقدم

حیدرآباد ۔ 5 ۔ مارچ : ( دکن نیوز ) : ادارہ سیاست و مینارٹیز ڈیولپمنٹ فورم کے زیر اہتمام 29 واں دوبدو ملاقات پروگرام اتوار 9 مارچ 10 بجے دن ایس اے ایمپرئیل گارڈن ٹولی چوکی مین روڈ میں مقرر ہے ۔ جس میں مسلم لڑکے و لڑکیوں کی شادیوں کو طئے کرنے کے سلسلہ میں والدین و سرپرستوں کے لیے دوبدو پروگرام منعقد کیا جارہا ہے ۔ اس سلسلہ میں آج دفتر ایم ڈی ایف پر ایک خصوصی مشاورتی اجلاس منعقد ہوا ۔ جناب عابد صدیقی صدر ایم ڈی ایف نے صدارت کی ۔ اجلاس میں مختلف چیزوں کو قطعیت دی گئی ۔ جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روزنامہ سیاست و سرپرست اعلیٰ ایم ڈی ایف دوبدو ملاقات پروگرام کی صدارت کریں گے ۔ جناب عابد صدیقی صدر ایم ڈی ایف خیر مقدم کریں گے ۔ جناب محمد معین الدین صدر فیڈریشن آف ٹولی چوکی کالونیز مہمان اعزازی شرکت کریں گے ۔

جناب اقبال خاں ، ڈاکٹر ایس اے مجید ، ڈاکٹر محمد ایوب حیدری ، ایم اے قدیر ( نائب صدور ) ، جناب محمد خواجہ معین الدین جنرل سکریٹری ، شاہین افروز ، وحیدہ خاتون ، جناب محمد برکت علی ، ضیا الرشید ، احمد صدیقی مکیش ، محمد نصر اللہ خاں پبلسٹی سکریٹری فورم ، عابدہ بیگم ، ریحانہ نواز و دیگر نے شرکت کی اور مباحث میں حصہ لیا ۔ اجلاس کا آغاز ڈاکٹر ایوب حیدری کی قرات کلام پاک سے ہوا ۔ اجلاس میں ارکان نے متفقہ طور پر تلنگانہ کی ریاست کی تشکیل کا خیر مقدم کرتے ہوئے مرکزی حکومت کو مبارکباد دی اور اسے ایک دانشمندانہ اور دور رس فیصلہ قرار دیا ۔ اجلاس میں آئندہ ماہ کیرئیر گائیڈنس اور روزگار کے سلسلہ میں ماہرین کے لکچرس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا اور انہیں ان کورس میں شرکت کے لیے آمادہ و تیار کیا جائے جن کی زیادہ مانگ ہے ۔ ایم ڈی ایف کی عاملہ نے غیر شادی شدہ مسلم لڑکیوں میں موٹاپے کے بڑھتے ہوئے رجحان پر تشویش ظاہر کی طئے کیا کہ ایم ڈی ایف کی جانب سے ماہرین ڈاکٹرس و تغذیہ کے توسیعی لکچرس کا اہتمام کیا جائے تاکہ مسلم لڑکیوں کی صحت کے ضمن میں صحیح رہبری ہوسکے ۔ مزید تفصیلات جناب ایم اے قدیر نائب صدر فورم 9394801526 سے حاصل کی جاسکتی ہیں ۔۔