حیدرآباد 2 فبروری (سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ پولیٹیکل جوائنٹ ایکشن کمیٹی پروفیسر کودنڈا رام نے چیف منسٹر مسٹر این کرن کمار ریڈی کو اپنی سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہاکہ چیف منسٹر علیحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کو روکنے کیلئے خواہ کتنے ہی حربے و ہتھکنڈے استعمال کریں۔ علیحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کو روکنے میں ہرگز وہ کامیاب نہیں ہوں گے۔ بلکہ انھیں ناکامی کا ہی سامنا کرنا پڑے گا۔ تلنگانہ گزیٹیڈ آفیسرس یونین آفس واقع گروہا کلپنا نامپلی میں تلنگانہ اسٹیٹ ٹیچرس یونین کی طبع کردہ ڈائری و کیلنڈر 2014 ء کی رسم اجراء انجام دینے کے بعد منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر کودنڈا رام نے پر زور الفاظ میں کہاکہ علیحدہ ریاست تلنگانہ کا خواب بہت جلد پورا ہونے والا ہے اور تلنگانہ کی تشکیل کو کوئی طاقت نہیں روک سکے گی۔
اُنھوں نے کہاکہ چیف منسٹر مسٹر این کرن کمار ریڈی اپنے مفادات اور سیما آندھرا عوام میں اپنی شہرت و مقبولیت کیلئے ہی متحدہ آندھرا کی تائید کررہے ہیں۔ حقیقت تو یہ ہے کہ وہ سیما آندھرا عوام کے ساتھ دھوکہ کررہے ہیں اور متحدہ آندھرا کے نام پر مرکزی حکومت کی مخالفت کرتے ہوئے ڈرامہ بازی کررہے ہیں۔ صدرنشین تلنگانہ پولٹیکل جے اے سی نے تلنگانہ قائدین اور عوام سے چیف منسٹر و دیگر سیما آندھرا قائدین کی کوششوں و بیانات سے مایوس نہ ہونے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیاکہ پارلیمنٹ سیشن میں ہی ریاست کی تقسیم و تلنگانہ ریاست کی تشکیل کیلئے بل بہرصورت پیش ہوگا اور اس بل کو مختلف جماعتوںکی بھرپور تائید کے ذریعہ منظوری حاصل ہوگی۔ مسٹر سرینواس گوڑ صدر تلنگانہ گزیٹیڈ آفیسرس یونین نے مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ علیحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کا وقت آچکا ہے اور تلنگانہ عوام و تلنگانہ کے مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین کا خواب پورا ہوگا۔ صدر تلنگانہ اسٹیٹ ٹیچرس یونین مسٹر انیس الرحمن نے اپنے خیرمقدمی خطاب میں کہاکہ تلنگانہ اسٹیٹ ٹیچرس یونین اساتذہ کو درپیش مسائل کی یکسوئی کیلئے مؤثر نمائندگی کے ذریعہ جدوجہد کرنے والی واحد یونین ہے
اور اس یونین کا کسی سیاسی جماعت سے الحاق بھی نہیں ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ اس یونین کے قیام کا اہم مقصد علیحدہ ریاست تلنگانہ کیلئے جدوجہد کرنا اور اساتذہ میں معیار تعلیم کی برقراری کیلئے مدارس میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر اولین ترجیح دینا ہے۔ اس رسم اجرائی ڈائری تقریب سے مسرس اے آڈمس جنرل سکریٹری، اے کرشنا گوڑ اعزازی صدر، اننت راملو سابق صدر تلنگانہ اسٹیٹ ٹیچرس یونین، جناب باسط خان صدر تلنگانہ ریٹائرڈ ٹیچرس یونین، ستیش کمار صدر تلنگانہ اسٹیٹ ٹیچرس یونین ضلع برانچ محبوب نگر، پرکاش بابو، راملو، مدیراج ٹیچرس یونین قائدین نے مخاطب کیا۔ مسٹر محمد عبداللہ سکریٹری ہیڈکوارٹر تلنگانہ اسٹیٹ ٹیچرس یونین نے شکریہ ادا کیا۔