حیدرآباد۔/27ڈسمبر، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے رکن پارلیمنٹ جی ویویک نے مرکز سے مطالبہ کیا کہ وہ ریاست کی تقسیم کے عمل میں تیزی پیدا کرتے ہوئے تلنگانہ بل کو جلد سے جلد پارلیمنٹ روانہ کرے۔انہوں نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ صدر ٹی آر ایس چندر شیکھر راؤ کی قیادت میں صدر جمہوریہ سے ملاقات کرنے والے وفد نے بھی یہی درخواست کی تھی۔ ویویک کے مطابق صدر جمہوریہ کو گزشتہ ساٹھ برسوں کے دوران ہر شعبہ میں تلنگانہ عوام کے ساتھ کی گئی ناانصافیوں کی تفصیلات سے واقف کرایا گیا۔ اس کے علاوہ تلنگانہ تحریک کی تاریخ اور قربانیوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔ انہوں نے وائی ایس آر کانگریس پارٹی اور تلگودیشم پر الزام عائد کیا کہ وہ ریاست کی تقسیم کا عمل روکنے کا اعلان کرتے ہوئے سیما آندھرا عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 3جنوری سے شروع ہونے والے اسمبلی اجلاس میں تلنگانہ مسودہ بل پر مباحث کو خوشگوار انداز میں مکمل کیا جانا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ جو پارٹیاں بھی مباحث میں رکاوٹ پیدا کریں ان کے ارکان کو ایوان سے معطل کیا جائے اور مباحث کو یقینی بنایا جائے۔ ویویک کے مطابق سیما آندھرائی ارکان اسمبلی اپنی سازشوں کے ذریعہ مباحث میں رکاوٹ پیدا کرتے ہوئے بل کی صدر جمہوریہ کو واپسی میں رکاوٹ پیدا کرنے کوشش کریں گے۔ اسپیکر اسمبلی کی ذمہ داری ہے کہ وہ رکاوٹ پیدا کرنے والے ارکان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے جلد از جلد مسودہ بل کو ایوان کی رائے کے ساتھ صدر جمہوریہ کے پاس روانہ کریں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مرکزی حکومت ریاست کی تقسیم کا عمل جلد مکمل کرے گی۔