تشکیل اضلاع کا عمل روکا نہیں جائے گا

اپوزیشن جماعتوں کا واویلا مسترد، ٹی ناگیشور راؤ وزیر عمارات و شوارع کا ادعا
حیدرآباد 11 ستمبر (سیاست نیوز) ریاستی وزیر عمارات و شوارع تلنگانہ مسٹر ٹی ناگیشور راؤ نے کہاکہ سرکاری نظم و نسق و مشنری کو عوام سے قریب کرنے و نظم و نسق کو سہل بنانے کے مقصد سے چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندرشیکھر راؤ نئے اضلاع کی تشکیل عمل میں لانے کے اقدامات کررہے ہیں لیکن نئے اضلاع کی تشکیل کے مسئلہ پر بعض اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کو مسترد کرتے ہوئے مسٹر ناگیشور راؤ نے کہاکہ محض اپنے سیاسی مفادات کے پیش نظر ہی نئے اضلاع کی مخالفت کی جارہی ہے۔ وزیر عمارات و شوارع نے واضح طور پر کہا ہے کہ خواہ اپوزیشن جماعتیں کتنا ہی واویلا کریں اور سخت احتجاج کریں، گوداوری آبی وسائل کو حاصل کرنے اور نئے اضلاع کی تشکیل کو کوئی بھی روک نہیں سکے گا اور نہ ہی یہ عمل روکا جائے گا۔ مسٹر ٹی ناگیشور راؤ جنھوں نے آج ضلع ورنگل کے محبوب آباد علاقہ میں 9 کروڑ روپئے کے مصارف سے سڑک کے تعمیری کاموں کا آغاز کرتے ہوئے کہاکہ ریاست تلنگانہ میں صدر ٹی آر ایس کے چندرشیکھر راؤ کی زیرقیادت تلنگانہ حکومت کی تشکیل کے بعد سے اب تک ریاست تلنگانہ کے لئے 26 سو کیلو میٹر طویل فاصلہ کی نئی قومی شاہراہیں بنائی گئیں۔ انھوں نے مزید کہاکہ حیدرآباد ۔ بھدراچلم قومی شاہراہ کے تعمیری کاموں کو بہت جلد شروع کیا جائے گا اور محبوب آباد کے لئے بہت جلد رنگ روڈ بھی منظور کی جائے گی اور مشن بھگیرتا کے ذریعہ گھر گھر پینے کا پانی سربراہ کیا جائے گا۔ قبل ازیں مسٹر ناگیشور راؤ محبوب آباد میں 5 کروڑ روپیوں کے مصارف سے سنٹرل لائٹنگ کے کاموں کے لئے بھی سنگ بنیاد رکھنے کی رسم انجام دی۔