سری نگر، 28 مارچ (یو ا ین آئی) جموں وکشمیر کی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا کہ بات چیت کے ذریعے کوئی بھی مسئلہ حل کیا جاسکتا ہے جبکہ تشدد سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ کشمیری علیحدگی پسندبات چیت کے لئے سامنے آئیں گے ۔ محترمہ مفتی نے منگل کے روز جنوبی کشمیر کے ککر ناگ میں ایک انتخابی ریلی کے حاشئے پر نامہ نگاروں کی جانب سے چاڈورہ شہری ہلاکتوں کے بارے میں پوچھے جانے پر کہا کہ تشدد سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا ‘اس بارے میں عام لوگوں کو سوچنا پڑے گا۔ عسکریت پسندی یہاں پچھلے کئی برسوں سے چلی آر ہی ہے ۔ ہزاروں کی تعداد میں لوگ مارے جاچکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تشدد سے کچھ حاصل ہونے والا نہیں ہے ۔ جو کچھ بھی حاصل ہوسکتا ہے کہ وہ صرف بات چیت ، افہام و تفہیم اور امن سے حاصل ہوگا’۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جب گذشتہ برس کل جماعتی وفد کشمیر آیا تو بدقسمتی سے علیحدگی پسندوں کی طرف سے کوئی مثبت جواب سامنے نہیں آیا۔ تاہم انہوں نے امید ظاہر کی کہ علیحدگی پسند بات چیت کے لئے سامنے آئیں گے ۔انہوں نے کہا ‘دہلی سے ایک ٹیم آئی تھی اور میں نے بھی علیحدگی پسندوں کو ایک مکتوب بھیجا تھا اور اُن سے کہا تھا کہ ہمیں بات چیت کرنی چاہیے ۔ لیکن بدقسمتی سے اُس وقت اُن کی طرف سے کوئی مثبت جواب نہیں آیا۔ میں امید کرتی ہوں کہ وہ اس بار موقعے کا فائدہ اٹھائیں گے اور بات چیت کرنے کے لئے سامنے آئیں گے ‘۔