تریپورہ سے فوج کے خصوصی اختیارات کا قانون برخاست

نئی دہلی ۔ 28 ۔ مئی : ( سیاست ڈاٹ کام) : سابق وزیر داخلہ مسٹر پی چدمبرم نے آج ریاست سے فوج کے خصوصی اختیارات کے قانون (AFSPA) سے دستبرداری سے متعلق تریپورہ حکومت کے فیصلہ کا خیر مقدم کیا ہے اور کہا کہ یہ فہم و فراست اور انسانیت کی فتح ہے ۔ انہوں نے اپنے ٹوئیٹر پر کہا کہ تریپورہ سخت گیر قانون کو برخاست کردینے کے لیے میری اپیل پر توجہ دی گئی اور حکومت نے دستبرداری اختیار کرلینے کا فیصلہ کیا ہے جو کہ قابل ستائش ہے ۔ مسٹر چدمبرم بحیثیت وزیر داخلہ نے ارمڈ فورسیس ( اسپیشل پاور ) ایکٹ 1958 کی تنسیخ کی پر زور وکالت کی تھی ۔ انہوں نے بتایا کہ ایک مہذب ملک میں بعض ناگوارہ چیزوں کے لیے کوئی جگہ نہیں ہوگی جس میں سے ایک AFSPA ہے ۔ حکومت تریپورہ نے کل فوج کے خصوصی اختیارات کے قانون کو برخاست کردینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ جہاں پر شورش پسندی کو کچلنے کے لیے گذشتہ 18 سال سے یہ متنازعہ قانون نافذ تھا ۔ چیف منسٹر مانک سرکاری نے بتایا کہ ریاستی حکومت نے ہر 6 ماہ میں ایک مرتبہ گڑبڑ زدہ علاقوں میں صورتحال کا جائزہ اور پولیس اور دیگر سیکوریٹی ایجنسیوں کے ساتھ تبادلہ خیال کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے ۔ جنہوں نے یہ مشورہ دیا تھا کہ ریاست میں شورش پسندی کا مسئلہ تقریبا قابو میں آگیا ہے ۔ جس کے پیش نظر خصوصی اختیارات قانون کے نفاذ کی ضرورت نہیں ہے ۔ مذکورہ ایکٹ عسکریت پسندوں کے تشدد کے بعد 1997 میں نافذ کیا گیا تھا ۔۔