ترکی کے نئے سربراہ فوج نامزد

انقرہ  ۔ 5 اگست (سیاست ڈاٹ کام) حکومت ترکی نے آج ایک نئے سربراہ فوج کو نامزد کیا جبکہ ترکی کرد عسکریت پسندوں اور دولت اسلامیہ کے جہادیوں سے بیک وقت جنگ کررہا ہے۔ زمینی افواج کے کمانڈر 63 سالہ ہولوسی اکار نے آج چیف آف اسٹاف کے عہدہ کا جائزہ سبکدوش ہونے والے جنرل نیدیت ازیل سے حاصل کرلیا۔ فوج کے اعلیٰ عہدوں میں یہ پہلا بڑے پیمانے پر ردوبدل ہے۔ ان کا تقرر سپریم فوجی کونسل کے تین روزہ سالانہ اجلاس کے دوران کیا گیا۔ سپریم فوجی کونسل کے صدر وزیراعظم ترکی احمت دعوت اوگلو ہیں۔ اکار جنہیں ناٹو کا گہرا تجربہ حاصل ہے، ازیل سے زیادہ جارحانہ فطرت سمجھے جاتے ہیں۔ ترکی کے کرد غالب آبادی والے جنوب مشرقی علاقہ میں ازیل کے دور میں بڑی حد تک امن برقرار رہاتھا۔ حکومت ترکی نے دو محاذ وں پر مخالف دہشت گردی کارروائی شروع کر رکھی ہے۔