ترکی کی روس سے حساس ایئر ڈیفنس سسٹم کی خریداری !؟

استنبول۔ یکم ستمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) ترکی کے صدر طیب اردگان کی جانب سے ہنگامی بنیادوں پر روس سے انتہائی حساس نوعیت کا ایئر ڈیفنس سسٹم خریدنے کا عندیہ دینے پر ناٹو ممالک کے مابین تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے ۔’ڈان‘ میں شائع رپورٹ کے مطابق طیب اردگان نے کہا کہ ترکی کو فضائی حدود کے تحفظ کیلئے روسی ساختہ ایس 400 ایس کی ضرورت ہے اور اس ضمن میں معاہدہ طے پا چکا ہے ، ہم بہت جلد خرید لیں گے۔واضح رہے کہ رواں اپریل میں روسی صدر ولادیمیرپوٹن نے آمادگی کا اظہار کیا تھا کہ ایس 400 ایس ڈیفنس سسٹم 2019 ء کے اختتام یا 2020 ء کے اوائل میں فراہم کرنے کیلئے تیزی سے کام کیا جائے۔ اے ایف پی کے مطابق روس کا تیار کردہ ایس 400 ایس ڈیفنس سسٹم زمین سے فضا میں تحفظ فراہم کرتا ہے اور ناٹو ممالک ایسے اپنے جنگی جہازوں کیلئے خطرہ محسوس کرتے ہیں۔ماسکو سے ایئر ڈیفنس سسٹم خریدنے پر خطے میں انقرہ کی فصائی نگرانی کی صلاحیت خطے میں بڑھ جائیگی۔ دوسری جانب واشنگٹن نے انقرہ کو روس سے ایس 400 ایس لینے پر خبر دار کیا کہ ایسے کسی بھی اقدام کی صورت میں امریکہ اور ترکی کے مابین عسکری صنعت کے تعاون پر برے اثرات پیدا ہو سکتے ہیں۔