ترکی پر تنقید کرنے والے اپنے کام سے کام رکھیں، صدراردغان

انقرہ۔30 جولائی ۔(سیاست ڈاٹ کام) ترک صدر رجب طیب اردغان نے ناکام بغاوت کے بعد ملک میں شروع کئے گئے کریک ڈاؤن پر تنقید کرنے والوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ مغربی ممالک اپنے کام سے کام رکھیں۔ انقرہ میں فوجی بغاوت کی کوشش کے نتیجے میں متاثر ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رجب طیب اردغان کا کہنا تھا کہ بغاوت کے نتیجے میں مرنے والوں پر ہم سے کسی نے بھی تعزیت تک نہیں کی، یورپی یونین اور نہ ہی مغرب نے اس بارے میں کوئی بات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی کو ترکی کو مشورے دینے کی ضرورت نہیں، بغاوت کے بعد شروع کئے گئے کریک ڈاؤن پر تنقید کے بجائے مغربی ممالک اپنے کام سے کام رکھیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ وہ ممالک یا رہنما جنھیں ترکی میں جمہوریت سے زیادہ باغیوں کی قسمت کی فکر ہے وہ ہمارے دوست نہیں ہو سکتے۔ دوسری جانب ترک وزیراعظم بن علی یلدرم کا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ترک فوج سے گولن تحریک سے وابستہ عناصر کا صفایا کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ ترکی میں 15 جولائی کو فوجی بغاوت کی ناکام کوشش کے بعد ملک بھر میں شروع کئے گئے کریک ڈاؤن میں اب تک ہزاروں افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے جب کہ درجنوں جنرلز کو مستعفی اور متعدد چینلز کے لائسنس بھی منسوخ کئے جا چکے ہیں۔