استنبول۔ 2 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام) یونان سے واپس ترکی بھیجے جانے والے مہاجرین کیلئے دو رہائشی مراکز کی تعمیر شروع کر دی گئی ہے۔ یورپی یونین کے ساتھ طے پانے والی معاملت کے تحت ترکی جلد ہی بحیرہ ایجیئن عبور کر کے یونان پہنچنے والے مہاجرین کو دوبارہ قبول کرنے پر تیار ہے۔ مہاجرین کے مراکز بحیرہ ایجیئن کے سیاحتی مقام جَسمے میں تعمیر کیے جا رہے ہیں جو ازمیر صوبے میں واقع ہے۔ یہ مقام یونانی جزیرے چیئوس کے قریب ہے۔
افغانستان میں حادثہ ، 11 ہلاک
کابل ۔ 2 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام) افغان حکام نے بتایا ہے کہ مغربی شہر ہرات میں ایک حادثے میں کم از کم گیارہ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ زخمیوں کی تعداد سات بتائی گئی ہے۔ صوبائی پولیس ترجمان رؤف احمدی کے مطابق حادثے میں تین گاڑیاں ایک شدید حادثے کا شکار ہوئیں۔ غیرذمہ دارانہ ڈرائیونگ کو حادثے کی وجہ قرار دیاگیا۔ ہلاک ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ اِن دنوں افغانستان کی سڑکوں پر نوروز کی تیرہ چھٹیوں کے بعد خاصی بھاری ٹریفک دیکھی جا رہی ہے۔