استنبول ۔ 30 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ترکی نے آج فرانس کی اس پیشکش کو مسترد کردیا جو اس نے کرد ملیشیا فورس کی اکثریت والی سیرین ڈیموکریٹک فورسیس کے ساتھ بات چیت کیلئے بطور ثالث اپنی خدمات پیش کرنے کی بات کہی تھی کیونکہ ترکی کرد ملیشیا فورس کو ایک دہشت گرد تنظیم تصور کرتا ہے۔ صدر کے ترجمان ابراہیم کلیم نے ٹوئیٹر پر تحریر کرتے ہوئے کہا کہ ترکی اور دہشت گرد تنظیموں کے درمیان کسی بھی نوعیت کے رابطہ، بات چیت اور ثالثی کو ہم یکسر مسترد کرتے ہیں۔ یاد رہیکہ صدر فرانس ایمانیول میکرون نے کل ایک بیان دیتے ہوئے یہ توقع ظاہر کی تھی کہ فریقین کے درمیان فرانس اور بین الاقوامی برادری کی ثالثی میں بات چیت کا انعقاد کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے یہ بات شامی اور عرب جنگجوؤں کے ایک وفد سے ملاقات کے بعد کہی تھی۔