ترکی میں ٹی وی اینکر کیخلاف تحقیقات

استنبول ۔29 ڈسمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) ترکی کے ایک پراسیکیوٹر نے ایک معروف ٹی وی پریزنٹر کے خلاف تحقیقات کا آغاز کیاہے جسے کچھ ہفتہ قبل صدر رجب طیب اردغان نے تنقیدوں کا نشانہ بنایا تھا ۔ دریں اثناء پراسیکیوٹر کے دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ فتح پوزنکال نامی صحافی پر یہ الزام ہے کہ اُس نے فرانس کی طرز میں ’’زردجیکٹ ‘‘ نوعیت کا احتجاج کرنے کے لئے لوگوں کو اُکسایا تھا۔ ترکی کے حریت اور ملّیت اخبار نے یہ اطلاع دی ۔ یاد رہے کہ مذکورہ صحافی کے ٹوئیٹر پر زائد از چھ بلین مداح موجود ہیں۔ اُس نے لوگوں کو ملک میں قدرتی گیس کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے خلاف پُرامن طریقہ اپناتے ہوئے احتجاج کرنے کیلئے اُکسایا تھا ۔ بالکل ویسا ہی احتجاج جو فرانس میں ’’زرد جیکٹ‘‘ کے نام سے کیا گیا تھا جہاں تمام احتجاجی زرد رنگ کی جیکٹ پہنے ہوئے تھے ۔ صحافی نے صاف صاف پوچھا تھا کہ ایسے کتنے ترک باشندے ہیں جو احتجاج کے لئے باہر آئیں گے ۔ مجھے ایسا لگتا ہے کہ ترکوں کو ایسا احتجاج کرنے پر خوف کا سامنا ہے ۔ اگر آپ کو اﷲ سے محبت ہے تو پھر کسی کا خوف کیوں؟ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی ضروری ہے کہ 2013 ء میں حکومت مخالف احتجاجی مظاہروں کے دوران صدر رجب طیب اردغان نے پولیس کو احتجاجیوں سے نمٹنے کا پورا اختیار دیدیا تھا جس پر اُنھیں ( اردغان) سخت تنقیدوں کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔