ترکی میں مذہبی اُمور کے سربراہ لکژری مرسیڈیز میں سفر کریں گے

استنبول۔ 14؍دسمبر (سیاست ڈاٹ کام)۔ ترکی کے سرکردہ عالم دین و مفتی آج ان اطلاعات پر سخت تنقیدوں کا نشانہ بن گئے کہ انھوں نے سرکاری مصارف سے ایک لکژری مرسیڈیز کار خریدی ہے جو ان کی سرکاری کار کے طور پر استعمال کی جائے گی۔ یہ ایک ایسا تازہ ترین واقعہ ہے جس سے حکومت کو ایک نئی اُلجھن و پریشانی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ ترکی میں شعبہ ’دیانت‘ کہلائے جانے والے محکمہ مذہبی اُمور کے سربراہ محمد گرمیز بہت جلد 3,50,000 یورو (4,35,000 امریکی ڈالر) مالیتی مرسیڈیز میں 500 لکژری کار خریدیں گے۔ ترک روزنامہ ’حریت‘ نے یہ خبر دی جس کے ساتھ ہی ان پر تنقیدوں کا آغاز ہوگیا۔ ترکی کے نظامت مذہبی اُمور کو ٹیکس دہندگان سے موصولہ رقومات کے ذریعہ فنڈس فراہم کئے جاتے ہیں۔ اس محکمہ کے سینئر عہدیداروں کے لئے پہلے ہی 14 ٹویوٹا کاریں خریدی جاچکی ہیں۔ یہ سینئر عہدیدار پہلے بہت ہی معمولی رینالٹ سمبول کاریں استعمال کیا کرتے تھے۔ اکثریتی ترکی سرکاری طور پر ایک سیکولر ملک ہے، لیکن گزشتہ ایک دہائی سے اس ملک پر اسلامی بنیادوں کے حامل افراد کی حکمرانی ہے۔ نئی کاروں کی خریدی پر اس ملک میں بالخصوص آن لائن تنقیدوں میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔

کئی ناقدین کا کہنا ہے کہ اس قسم کی فضول خرچی اور عیش پسندی اسلامی اُصولوں کے مغائر ہے۔ ترک رکن پارلیمنٹ اور سابق بین الاقوامی فٹبال کھلاڑی حاکان شکور نے ٹوئٹر پر لکھا ہے کہ ہاٹ لائن پر فتویٰ طلب کیا جائے اور اس مسئلہ پر دریافت کیا جائے کہ آیا یہ اسلام میں ممنوع اور حرام نہیں ہے کہ شہریوں کے چندوں کے استعمال کے ذریعہ ’دیانت‘ کے سربراہ اپنی پُرتعیش کار خریدیں؟ ترکی کے ایک اپوزیشن رکن پارلیمنٹ نے ترک محاورہ استعمال کرتے ہوئے ٹوئٹر پر لکھا کہ ’’کوئی بھی یہ نہیں جانتا کہ کون دولت پر اور کون خدا پر ایمان رکھتا ہے؟‘‘ شعبہ مذہبی اُمور کے سربراہ محمد گرمیز نے بھی گزشتہ ماہ پاپائے روم پوپ فرانسس کے دورۂ ترکی کے موقع پر ان کا استقبال کرنے والوں میں سب سے آگے تھے، لیکن پوپ فرانسس نے اس دورہ کے موقع پر عیش و آرام پسندوں سے دُور رہتے ہوئے صرف معمولی رینالٹ سمبول کار میں سفر کیا تھا۔ یہ تنازعہ ایک ایسے وقت پیدا ہوا ہے، جب اسلام پسند صدر رجب طیب اردغان کی جانب سے انقرہ میں 600 ملین امریکی ڈالر کی لاگت سے 1,150 کمروں پر مشتمل نئے صدارتی محل کی تعمیر پر پیدا شدہ تنازعہ کے درمیان پیدا ہوا ہے۔