استنبول ۔29جولائی ۔(سیاست ڈاٹ کام) ترکی کے اپوزیشن اخبار کم حریت سے تعلق رکھنے والے عملہ کے سات ارکان کو تقریباً آٹھ ماہ کی قید سے آزاد کردیا گیا جس کے بعد مسرور صحافیوں نے توقع ظاہر کی کہ اُن کے مابقی چار دیگر ساتھیوں کو بھی جلد ہی قید سے آزاد کردیا جائے گا۔ اطلاعات کے مطابق استنبول کی ایک عدالت نے سات افراد کی رہائی کا حکم جاری کیا جسے صدر رجب طیب اردوغان کے دور حکومت میں پریس کی آزادی کی زبردست آزمائش سے تعبیر کیا جارہا ہے ۔ البتہ اب بھی بعض اہم صحافی قید و بند کی صعوبتیں جھیل رہے ہیں۔ مذکورہ صحافیوں نے اردوغان کی مخالفت کی تھی جس کے بعد اُن پر دہشت گرد گروپس کے ساتھ تعاون کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا ۔ جن صحافیوں کو رہا کیا گیا ہے اُنھیں حکام سے روزانہ رابطہ قائم رکھنا ہوگا اور انھیں تمام الزامات سے خود کو بری تصور کرنا نہیں ہوگا ۔ رہا ہونے والوں میں اخبار کے کارٹونسٹ موسیٰ کرت بھی شامل ہیں جنھیں سلویری جیل سے رہا کیا گیا جو استنبول کے نواحی علاقہ میں واقع ہے۔
جان کیلی وائٹ ہاؤس کے نئے چیف آف اسٹاف
واشنگٹن۔29جولائی ۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے آج اپنی ٹیم میں اہم تبدیلی کرتے ہوئے جنرل جان کیلی کو اپنا نیا چیف آف اسٹاف مقررکیا ۔ وہ رینس پریبس کی جگہ لیں گے ۔ ڈونالڈ ٹرمپ نے ڈائریکٹر اطلاعات انتھونی سکارامسسي کے رینس پریبس پر صحافیوں کو اہم اطلاعات کا افشاء کرنے کا الزام لگانے کے عین ایک دن بعد جمعہ کو مسلسل ٹویٹ کرکے اس بات کی اطلاع دی۔ ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا،’’مجھے یہ بتانے میں انتہائی خوشی ہو رہی ہے کہ میں نے صرف فوری طور پر جنرل ؍ سکریٹری جان ایف کیلی کو وائٹ ہاؤس کاچیف آف اسٹاف مقرر کیا ہے‘‘۔ جنرل کیلی کی تقرری کے بعد ٹرمپ نے صحافیوں سے کہا کہ جان کیلی شاندار کام کریں گے۔جان کیلی (67) مرین کورپس سے ریٹائرڈ ہیں اور چیف آف اسٹاف کی تقرری سے پہلے ٹرمپ انتظامیہ کے تحت محکمہ ہوم لینڈ سیکورٹی میں سکریٹری کے فرائض انجام دے رہے تھے۔ وائٹ ہاؤس کی پریس سکریٹری سارا سینڈرز نے ایک بیان میں کہا کہ کیلی پیر کی صبح سے چیف آف اسٹاف کے طور پر اپنا کام شروع کریں گے ۔