استنبول ۔ 24 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام) ترکی کے جنوب مغربی علاقہ میں آئے زلزلے کے جھٹکے میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے ۔ مقامی وقت صبح 3:30 بجے جس وقت زلزلہ رونما ہوا اُس وقت لوگ محوخواب تھے ۔ سمسات نامی مستقر کو زلزلہ کی وجہ سے سب سے زیادہ نقصان پہنچا البتہ کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ یو ایس جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلہ کی شدت 5.2 نوٹ کی گئی جس کی گہرائی 10 کیلومیٹر تھی ۔ دریں اثناء ترکی کے وزیر صحت نے بتایا کہ تمام زخمیوں کا ہاسپٹل میں علاج جاری ہے ۔ تمام افراد خوف کے عالم میں جب بے ساختہ اپنے اپنے مکانات سے باہر نکلے تو افراتفری میں انھیں شدید زخم آئے ۔ زینب نامی ایک خاتون کے مکان کی چھت اُسی کے اُوپر آگری جس میں اس کے علاوہ مکان کے دیگر افراد بھی زخمی ہوگئے ۔ پڑوسیوں نے اُسے اور اُس کے دیگر ارکان خاندان کے علاوہ گھر میں بندھی ہوئی بکریاں بھی بحفاظت باہر نکالنے میں مدد کی ۔