انقرہ۔ 30نومبر (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی ترکی کے صوبہ ادانہ میں ایک ہاسٹل بلڈنگ میں آگ لگ گئی جس سے 11 طالبات سمیت 12 افراد کی موت ہو گئی۔سرکاری ذرائع نے آج یہ اطلاع دی۔ترکی کے یورپی یونین امور کے وزیر عمیرسیلک نے ٹیلی ویژن پر براہ راست نشریات میں کہا کہ سکنڈری اور ہائی اسکول کی طالبات کے ہوسٹل میں آگ لگنے کی وجوہات کا ابھی تک پتہ نہیں چل پایا ہے ۔مسٹر عمیر سیلک نے بتایا کہ آگ میں کم از کم 22 دیگر لڑکیاں جھلس گئی ہیں۔ مرنے والے لوگوں میں ہاسٹل میں کام کرنے والی ایک خاتون بھی شامل ہے ۔ٹیلی ویژن فوٹیج میں ہاسٹل کی کثیر المنزلہ عمارت کی چھت سے آگ کی لپٹیں اٹھتی ہوئی دکھائی گئیں جہاں فوٹیج میں فائر ڈپارٹمنٹ کے عملہ آگ پر قابو پانے کی کوشش کرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔