ترکی میں دولت اسلامیہ کے 38 مشتبہ افراد گرفتار

انقرہ ۔ 28 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ترکی کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق انسداد دہشت گردی پولیس نے دولت اسلامیہ گروپ سے تعلق رکھنے والے 38 مشتبہ افراد کو شمال مغربی صوبہ بارسا سے ایک دھاوے کے دوران گرفتار کیا۔ اناطولو ایجنسی کے مطابق تمام مشتبہ افراد جن میں بعض شامی شہری بھی شامل ہیں، کو جمعرات کے روز ان کے مکانات پر دھاوے کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا جس کیلئے مشتبہ افراد کے مکانات کے دروازے توڑ کر پولیس اندر داخل ہوئی۔ یاد رہیکہ ترکی کو بھی کئی دہشت گرد حملوں کا سامنا کرنا پڑا تھا جس کے لئے دولت اسلامیہ کو ہی ذمہ دار ٹھہرایا گیا جن میں استنبول کے ایک نائٹ کلب میں نئے سال کے موقع پر کیا گیا حملہ بھی شامل ہے جہاں ایک بندوق بردار نے اندھادھند فائرنگ کرتے ہوئے 39 افراد کو ہلاک کردیا تھا۔ اس واقعہ کو پورا ایک سال ہونے والا ہے اور اب جبکہ 2018ء کی آمد آمد ہے اور نئے سال کی پارٹیاں ہر جگہ منعقد کی گئی ہیں تو ملک میں سیکوریٹی نظام کو سخت کردیا گیا ہے جبکہ حکام نے احتیاطی اقدامات کے طور پر استنبول کی سڑکوں پر منعقد کئے جانے والے متعدد بڑے پروگرامس کو منسوخ کردیا۔