دیاربکر۔ 31 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) 6 ملازمین پولیس ہلاک اور دیگر 14 زخمی ہوگئے جب جمعرات کے دن ترکی پولیس کو نشانہ بناتے ہوئے ترک اکثریتی جنوب مشرقی شہر دیاربکر میں خودکش حملہ کیا گیا۔ وزیراعظم احمد داؤد اوگلو نے ترک باغیوں کے خلاف گذشتہ موسم گرما سے انتھک مہم شروع کر رکھی ہے اور ہفتہ کے دن دیاربکر کا دورہ کرنے والے ہیں۔ صیانتی فوج نے کہاکہ بم دھماکہ ایک پولیس گاڑی کے قریب ہوا جو شہر کے اہم بس اسٹاپ کے قریب تھی۔ حملہ سے 8 ملازمین پولیس زخمی ہوگئے جن میں سے تین شدید زخمی ہیں، 6 شہری بھی زخمی ہوئے۔ ترک فوج ترک باغیوں کے خلاف اس علاقہ میں کارروائی میں مصروف ہے۔ ان کی پارٹی پی کے کے کو ممنوعہ تنظیم قرار دیا گیا ہے۔ سینکڑوں فوجی پی کے کے کی 30 سالہ شورش پسندانہ سرگرمیوں میں ہلاک ہوچکے ہیں۔