ترکی میں بغاوت کی کوشش میں ’ امریکہ ملوث نہیں تھا‘

واشنگٹن۔30 جولائی ۔(سیاست ڈاٹ کام)امریکی فوج کے ایک اعلیٰ افسر کا کہنا ہے کہ ترکی میں بغاوت کی ناکام کوشش میں امریکہ کا کوئی ہاتھ نہیں تھا۔ ترکی میں ناکام بغاوت کے بعد سے دونوں اتحادی ممالک کے تعلقات میں سرد مہری دیکھی جا رہی ہے۔ کل مشرق وسطیٰ میں امریکی فوج کے کمانڈر جنرل جوزف ووٹیل نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ترک فوج میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں سیدونوں ممالک کے تعلقات متاثر ہوسکتے ہیں۔ اس بیان کے بعد ترک صدر رجب طیب اردغان نے اس امریکی جنرل پر باغیوں کی حمایت کا الزام لگایا تھا۔ وائٹ ہاؤس کے ایک ترجمان نے بھی کہا کہ اردغان کے الزامات میں کوئی حقیقت نہیں ہے اور صدر اوباما اپنے ترک ہم منصب کو اہم اور قریبی اتحادی سمجھتے ہیں۔
بلیجیم: حملوں کی منصوبہ بندی کا شبہ ، دو افراد گرفتار
بلجیم۔30 جولائی ۔(سیاست ڈاٹ کام)بلجیم پولیس نے کل شب دو مشتبہ افراد کو دہشت گردانہ حملوں کی منصوبہ بندی کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا ۔ گرفتار کیے گئے 33 سالہ نور الدین ایچ اور اس کے بھائی حمزہ ایچ کو آج عدالت میں پیش کیا جا رہا ہے، جو انہیں 24 گھنٹوں کے بعد بھی حراست میں رکھے جانے کے حوالے سے فیصلہ کرے گی۔ بیلجیم کے وفاقی دفتر استغاثہ کے مطابق پولیس نے گزشتہ روز سات مختلف گھروں پر چھاپے مارے تھے جن کے بعد ان دو افراد کو گرفتار کیا گیا۔ ملزمان کے پاس کوئی اسلحہ یا دھماکا خیز مواد برآمد نہیں ہوا۔