بنگلورو۔2 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) نو افراد جنہیں حکومت ترکی نے ہندوستان کی تحویل میں دیا تھا کیونکہ وہ سرحد پار کر کے شام میں داخل ہونے کی کوشش کررہے تھے، جہاں کے علاقوں پر دہشت گرد تنظیم دولت اسلامیہ کے جنگجوؤں کا قبضہ ہے ، وہ انتباہ دینے کے بعد رہا کردیئے گئے۔ اعلیٰ سطح کے پولیس عہدیدار نے آج کہا کہ تمام 9 افراد کے خلاف جن میں 5بچے ہیں، کوئی قابل تعزیر جرم کا ثبوت نہیں مل سکا ۔ بنگلورو پولیس کمشنر ایم این ریڈی نے ان افراد سے سٹی پولیس اور مرکزی محکمہ جات کی تفتیش کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ افراددولت اسلامیہ کے کسی ایجنٹ سے ربط میں نہیں تھے ، بلکہ یہ تمام انسانیت اور اپنے مذہب کی خدمت کرنے کیلئے دولت اسلامیہ کے زیرقبضہ علاقہ میں جانا چاہتے تھے ۔