انقرہ۔4ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام) ترکی کے جنگی طیاروں نے بدامنی سے متاثرہ جنوب مشرقی علاقہ میں کُرد باغیوں کے 10ٹھکانوں کو تباہ کردیا ۔ سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق ممنوعہ کردستان ورکرس پارٹی ( پی کے کے ) کے خلاف لڑائی میں شدت پیدا کردی گئی ہے ۔ جٹ طیاروں نے پی کے کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ۔ یہ کارروائی اُس وقت کی گئی جبکہ تقریباً 38گھنٹے قبل جھڑپوں میں 22ترک سپاہی ہلاک ہوگئے ۔ دو علحدہ مقامات پر ہوئے ان جھڑپوں میں یہ ہلاکتیں ہوئیں ۔ جٹ طیاروں نے ملک کے مشرقی صوبہ میں بھی کل پی کے کے ‘ کے 6ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ۔ ترک فوج کے مطابق 100سے زائد جنگجوؤں کو بے اثر کردیا گیاہے ۔ تاہم ہلاکتوں کی تعداد نہیں بتائی گئی ۔
کرائمیا میں ہندوستانی سیاحوں
کی حفاظت کا تیقن
ممبئی 4 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) حالیہ واقعات کے پیش نظر کرائمیا کے حکام نے تیقن دیا ہے کہ ہندوستانی سیاحوں کیلئے یہ ملک محفوظ مقام رہے گا اور علاقہ میں سب کچھ ٹھیک ہے ۔ جمہوریہ کرائمیا کے وزیر اعظم سرگئی والیریوچ نے کہا کہ وہ ہندوستان سے آنے والے سیاحوں کو تیقن دیتے ہیں کہ کرائمیا ان کیلئے بہتر اور محفوظ تفریحی مقام ہے ۔ کرائمیا 2014 سے روس کے کنٹرول میں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم مہمانوں کا خیر مقدم کرتے ہیں کیونکہ روس اور ہندوستان کے مابین دیرینہ دوستانہ تعلقات ہیں۔ روسی وفاقی سکیوریٹی سرویس کے بموجب شمالی کرائمیا میں گذشتہ مہینے مسلح جھڑپیں ہوئی تھیں ۔ حکام کا کہنا ہے کہ اب حالات وہاں ٹھیک ہیں اور سیاحوں کیلئے کوئی خطرہ بھی نہیں ہے ۔