ترکی ایئرلائنز کا طیارہ بم کے خطرہ کی بناء پر کینیڈا روانہ ‘تحقیقات سے دھمکی جھوٹی ثابت

ہیلی فیکس۔ 22نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) رائل کینیڈین گھوڑسوار پولیس نے کہاکہ اس کی تحقیقات کے بموجب بم کے خطرہ کی وجہ سے ترکی ایئرلائنز کا طیارہ جو نیویارک سٹی سے استنبول جارہا تھا کینیڈا روانہ ہوگیا ۔ ہیلی فیکس سیانگ فیلڈ انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے اپنے ٹوئیٹر پر کہا کہ پروازنمبر 2 بحفاظت اتر چکی ہے اور پولیس وہاں پر موجود ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ تفصیلات کا ہنوز انکشاف نہیں کرسکتے ۔ بم کے خطرے کے بارے میں تحقیقات جاری ہیں اور خاطی افراد کی شناخت کی کوشش کی جارہی ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پولیس ترکی ایئرلائنز کے طیارہ کی کھوجی کتوں کے ذریعہ تلاشی لے گی تاکہ دھماکو مادوں کا پتہ چلایا جاسکے ۔ بم کے خطرہ کی اطلاع مقامی وقت کے مطابق 10:50بجے شب وصول ہوئی ۔ راڈار سے پتہ چلانے پر معلوم ہوا ہے کہ طیارہ پہلے ہی جان ایف کینیڈی انٹرنیشنل ایئرپورٹ نیویارک سے پرواز کرچکا ہے ۔ ایف بی آئی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ تحقیقات کرنے والے عہدیداروں کو کوئی قابل اعتماد خطرے کی شئے دستیاب نہیں ہوئی ۔ تحقیقات کرنے والوں کو دھماکو آلات کی موجودگی کا بھی کوئی ثبوت نہیں ملا ۔