ترکی اور یوکرین کے درمیان پاسپورٹ کے بغیر سفر کا آغاز

لندن، 2 جون (سیاست ڈاٹ کام) ترکی اور یوکرین کے درمیان پاسپورٹ کے بغیر شہریوں کے سفر کا آغاز ہوگیا ہے جس کے تحت دونوں ممالک کے شہریوں کو آمد ورفت میں آسانی ہو گی۔ترکی کے وزیر اعظم ا بن علی یلدریم اور یوکرین کے وزیر اعظم ولودمیر گروسمین کے درمیان 14 مارچ کو ہونے والے معاہدے کے تحت کل سے دونوں ممالک کے درمیان پاسپورٹ کے بغیر سفر کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے ۔ دونوں ممالک کے شہریوں کو ایک ملک سے دوسرے ملک کا سفر کرنے کے لئے صرف اپنے ملک کا شناختی کارڈ دکھانا ہوگا اور اس کی بنیاد پر وہ 90 دنوں تک قیام کرسکیں گے ۔ترکی میں یوکرین کے سفیر ایندرے سبھا نے کہا کہ اس معاہدے سے دونوں ممالک کو فائدہ ہو گا۔ گزشتہ سال دس لاکھ سے زیادہ لوگ یوکرین سے ترکی کا سفر کئے تھے جبکہ دو لاکھ سے زیادہ ترک سیاح یوکرائن کے دورے پر گئے تھے ۔انہوں نے کہا کہ اس سے دونوں ممالک کی سیاحت کو فروغ ملے گا۔