لندن ۔ 2 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) دو خواتین اور چار بچوں کے بشمول 9 برطانوی شہریوں کو ترکی میں گرفتار کیا گیا ہے۔ یہ لوگ دولت اسلامیہ (داعش) میں شامل ہونے کیلئے غیرقانونی طور پر شام میں داخل ہونے کی مبینہ کوشش کررہے تھے۔ اس گروپ میں بتایا جاتا ہیکہ 3 مرد، 2 خواتین اور 4 بچے شامل ہیں۔ انہیں شام کے سرحد کے قریب صوبہ ہتھیا میں حراست میں لیا گیا۔ اس علاقہ میں ان کے سفر کے ارادوں کا علم نہیں ہوا ہے۔ تاہم شبہ کیا جاتا ہیکہ یہ لوگ داعش میں شمولیت کیلئے شام کا سفر کررہے تھے۔ برطانوی دفتر خارجہ نے کہا کہ وہ ترکی کے حکام سے ربط قائم کئے ہوئے ہیں۔ سمجھا جاتا ہیکہ اب تک 600 برطانوی شہری شام یا عراق گئے ہیں جہاں وہ داعش میں شمولیت اختیار کرچکے ہیں۔ ان میں سے نصف افراد کی تعداد برطانیہ واپس آچکی ہے۔ برطانیہ کے 9 شہریوں کی تازہ گرفتاری سے دو ہفتے قبل 3 برطانوی نوجوانوں کو بھی شام جاتے ہوئے ترکی میں گرفتار کیا گیا تھا۔