استنبول۔25 جولائی ۔(سیاست ڈاٹ کام) ترکی کے وزیر خارجہ مولود چاوش اوگلو نے اعلان کیا ہے کہ اُن کے ملک نے امریکی عہدیداران کو آگاہ کر دیا ہے کہ وہ ایران پر امریکی پابندیوں کی مخالفت کرتا ہے اور ترکی ان پابندیوں کو لاگو کرنے کا پابند نہیں ہے۔کل آذربائیجان میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اوگلو کا کہنا تھا کہ ’’ہم کسی ایک ملک کی جانب سے دوسرے ملک پر مسلط کی جانے والی پابندیوں کو پورا کرنے پر مجبور نہیں اور ہم ان پابندیوں کو درست بھی نہیں سمجھتے‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے انقرہ میں امریکہ کے ساتھ کئی اجلاس منعقد کیے اور ان کو صاف طور پر آگاہ کر دیا کہ ہم آذربائیجان، ایران، روس اور عراق سے تیل اور گیس حاصل کرتے ہیں۔ اگر ہم اب ایران سے یہ نہیں خریدیں تو پھر ہماری ضرورت کس طرح پوری ہو گی؟۔