عشق آباد 8 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) وزیر خارجہ سشما سوراج آج پرجوش ہوگئیں جب ہندی داں ترکمان طلب نے ہندی گیت ’’میرا جوتا ہے جاپانی‘‘ اور بھجن ’’اتنی شکتی ہمیں دینا داتا‘‘گاتے ہوئے اُن کا استقبال کیا۔ سشما سوراج 3 روزہ دورہ پر کل یہاں پہونچی تھیں۔ وہ پانچویں ہند ۔ ترکمانستان بین حکومتی مشترکہ کمیشن برائے تجارت، معاشیات، سائنسی و ٹیکنالوجی تعاون کی مشترکہ صدارت کے لئے ترکمانستان کے دورہ پر آئی ہوئی ہیں۔ آزادی، ترکمان قومی ادارہ برائے عالمی زبانیں کے یدیز ہوٹل میں اُن کا قیام ہے۔ گیت فلم ’’شری420 ‘‘ کا ’’میرا جوتا ہے جاپانی‘‘ سُن کر سشما سوراج نے کہاکہ راج کپور اِس علاقہ میں بہت مقبول ہیں۔ جب آپ دیگر مقامات پر جاتے ہیں تو لوگ کہتے ہیں کہ آپ گاندھی کی سرزمین سے آئے ہیں۔ گوتم بدھ کی سرزمین سے آئے ہیں۔ لیکن یہاں لوگ کہتے ہیں کہ آپ راج کپور کی سرزمین سے آئے ہیں۔ اِس پر طلبہ نے مشترکہ طور پر ’’اتنی شکتی ہمیں دینا داتا‘‘ سنایا جو فلم ’’انکش‘‘ کا ہے۔ سشما سوراج نے طلبہ سے پوچھا کہ کیا اُنھیں ہندی میں بات چیت آتی ہے اس پر اُنھوں نے نفی میں جواب دیا۔