پٹنہ ۔ 2 ۔ جولائی (سیاست ڈاٹ کام) افراطِ زر میں اضافہ کے خلاف ایک انوکھے احتجاج میں آر جے ڈی ایم ایل اے بہار اسمبلی کے باب الداخلہ کے قریب ایک ایسا ہار پہنے ہوئے کھڑے تھے جو پیاز ، آلو و دیگر ترکاریوں اور پھلوں سے تیار کیا گیا تھا ۔ ایم ایل اے دنیش کمار سنگھ جو بھائی دنیش کے نام سے بھی مقبول ہیں، نے کہا کہ وہ اسمبلی کے باب الداخلہ پر اس نیت کے ساتھ کھڑے تھے کہ وہاں آنے والے پہلے بی جے پی ایم ایل اے کو ہار (مالا) پہناؤں گا کیونکہ مرکز میں بی جے پی کی حکومت ہے اور ملک میں بڑھتی ہوئی قیمتوں کی مرکزی حکومت ہی ذمہ دار ہے ۔ لہذا اس طرح ترکاری اور پھلوں سے تیار شدہ ہار پہناکر میں پارٹی کے لیجسلیٹرس کو اپنی نیک خواہشات کا اظہار کرنا چاہتا تھا لیکن مزے کی بات ہے کہ وہاں آنے والے بی جے پی کے تمام ایم ایل ایز نے جب ہار کا منظر دیکھا تو وہاں آنے سے گریز کیا ۔