پارٹی کارکنوں کا بی جے پی ہیڈکوارٹرپر حملہ ‘ کئی کارکن زخمی ۔ گاڑیوںکو توڑ پھوڑ ۔ پارٹی آفس کی حفاظت کیلئے سی آر پی ایف کا دستہ متعین
مودی اور امیت شاہ گودھرا کے ملزم ہیں ‘ انہیں گرفتار کیا جائے ‘ اڈانی کو کیوں گرفتار نہیں کیا جاتا ‘ برہم ترنمول سربراہ ممتا بنرجی کا شدید رد عمل
٭ وزیر اعظم مجھے گرفتار کرکے دکھائیں۔ میں ان کا حوصلہ دیکھنا چاہتی ہوں
٭ مودی دوسروں کو خاموش کرسکتے ہیں لیکن مجھے نہیں ‘ چیف منسٹر مغربی بنگال
کولکتہ۔ 3 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) لوک سبھا میں ترنمول کانگریس کے لیڈر سدیپ بندوپادھیائے کو آج سی بی آئی نے روز ویلی چٹ فنڈ اسکام میں گرفتار کرلیا ہے جس کے بعد مرکزی حکومت اور ترنمول کانگریس کے مابین ٹکراؤ نے شدت اختیار کرلی ہے ۔ اس گرفتاری کے بعد سدیپ بندوپادھیائے کے حامیوں نے بی جے پی کے ریاستی ہیڈ کوارٹرس پر زبردست حملہ کردیا جس میں کئی افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ گذشتہ ایک ہفتہ کے دوران کسی اسکام میں گرفتار ہونے والے بندو پادھیائے ٹی ایم سی کے دوسرے ایم پی ہیں۔ اس سے قبل اداکار سے سیاستدان بننے والے تپس پال کو گرفتار کرلیا گیا تھا ۔ آج بندو پادھیائے کو گرفتار کرنے سے قبل سی بی آئی نے چار گھنٹوں تک پوچھ تاچھ کی تھی ۔ سی بی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ بندو پادھیائے روز ویلی کے فنڈز سے بیرونی دورے کرنے کے تعلق سے مناسب جواب نہیں دے سکے اور نہ ہی انہوں نے تحقیقات میں تعاون کیا ہے ۔ بندو پادھیائے ترنمول سربراہ ممتابنرجی کے قریبی حلیف سمجھے جاتے ہیں۔ ان کی گرفتاری پر پارٹی کے سینکڑوں کارکنوں نے بی جے پی کے دفتر پر ہلہ بول دیا جو وسطی کولکتہ میں واقع ہے ۔ انہوں نے مخالف مودی نعرے لگائے ‘سنگباری کی جس کے نتیجہ میں بی جے پی کے کئی کارکن زخمی ہوگئے اور دفتر کے باہر پارک کی گئی تقریبا چھ کاروں کو بھی نقصان پہونچا ۔
بی جے پی کے قومی سکریٹری راہول سنہا نے ادعا کیا کہ 15 پارٹی کارکن اس حملے میں زخمی ہوئے ہیں۔ احتجاج جاری رہنے پر وہاں سی آر پی ایف کا ایک دستہ متعین کردیا گیا ۔ مسٹر سنہا نے کہا کہ ہم مرکزی وزارت داخلہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ سی آر پی ایف ٹیموں کو ہماری سلامتی کیلئے روانہ کیا جائے ۔ بندو پادھیائے کی گرفتاری پر برہم ترنمول سربراہ و چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی نے وزیر اعظم نریندر مودی پر سی بی آئی ‘ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ اور انکم ٹیکس جیسی مرکزی ایجنسیوں کو سیاسی مخالفین کے خلاف استعمال کرنے کا الزام عائد کیا جو نوٹ بندی کے خلاف آواز بلند کر رہے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بندو پادھیائے کو دفتر وزیراعظم کے دباؤ کی وجہ سے گرفتار کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حیرت ہے کہ نریندر مودی اور امیت شاہ کو کیوں گرفتار نہیں کیا جاتا ۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی گودھرا واقعہ کے ملزم رہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ امیت شاہ اور نریندرمودی کو گودھرا کیس میں گرفتار کیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر مودی کو باہر رہنے کا موقع دیا جاتا ہے تو وہ قوم کیلئے مضر ہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے عوام مودی کو آزاد گھومنے کا موقع نہیں دینگے ۔ جب تک مودی کو گرفتار نہیں کیا جاتا اس وقت تک ملک کا نقصان ہوتا رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ مودی اپنا صبر کھوچکے ہیں لیکن کیا وہ اڈانی کو گرفتار کرسکتے ہیں ؟ ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ اڈانی کو مودی حکومت سے مدد ملتی رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ سوچ بھی نہیں سکتیں کہ لوک سبھا میں ہمارے پارٹی لیڈر بندوپادھیائے کو گرفتار کیا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں اطلاع ہے کہ مودی ترنمول کانگریس کے مزید قائدین جیسے ابھیشیک بنرجی ‘سوون چٹرجی ( کولکتہ مئیر ) اور فرہاد حکیم ( وزیر ) کو بھی گرفتار کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس گرفتاری سے انہیں حیرت ہوئی ہے لیکن وہ خوفزدہ نہیں ہیں۔ انہیں ہم سب کو گرفتار کرنے دیجئے ۔ وہ کھلے عام مودی کو چیلنج کرتی ہیںکہ انہیں ( ممتا کو ) گرفتار کر دکھائیں۔ میں ان کا حوصلہ دیکھنا چاہتی ہوں۔ وہ دوسروں کو خاموش کرسکتے ہیں مجھے نہیں۔ وہ ہماری آواز کچل نہیں سکتے ۔ عوام کی آواز کو دبا نہیں سکتے ۔ ہم ہر کیس میں قانونی لڑائی لڑیں گے ۔ پارٹی سدیپ بندوپادھیائے کے ساتھ ہے ۔ انہوں نے کچھ بھی غلط نہیں کیا ہے ۔ اگر وہ جیل میں بھی رہیں گے تب بھی بنگال کے عوام انہیں اپنے دل میں رکھیں گے ۔
گرفتاری ٹی ایم سی کی اچھی پارلیمانی کارکردگی کا ثبوت:سدیپ
کولکتہ۔ /3 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) گرفتاری کے بعد اپنا اولین ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ترنمول کانگریس قائد سدیپ بندو پادھیائے نے کہا کہ یہ ان کی پارٹی کی نوٹوں کی تنسیخ کے خلاف پارلیمنٹ میں اچھی کارکردگی کی عکاسی کرتی ہے ۔ وہ ایرپورٹ پر گرفتاری کے وقت اخباری نمائندوں سے بات چیت کررہے تھے ۔ بندو پادھیائے کو آج دوپہر سی بی آئی نے روز ویلی اسکام کے سلسلے میں ایرپورٹ پر گرفتار کرلیا جبکہ وہ بھوبنیشور جارنے والے تھے ۔ بعد ازاں انہیں طبی معائنے کے بعد عدالت میں پیش کیا گیا ۔ سی بی آئی نے کہا کہ ان سے چار گھنٹے تفتیش کی گئی ۔ ترنمول کانگریس کے ایک اور رکن پارلیمنٹ تپس پال کو بھی /30 ڈسمبر کو اسی مقدمہ میں گرفتار کیا گیا تھا وہ فی الحال بھوبنیشور میں سی بی آئی کی تحویل میں ہیں ۔ ان کی تحویل میں مقامی سی بی آئی عدات نے تین دن کی توسیع کردی ہے ۔