ترنمول کانگریس کے 3 ارکان اسمبلی اور 50 کونسلرس کی بی جے پی میں شمولیت

نئی دہلی۔ 28 مئی (سیاست ڈاٹ کام) مغربی بنگال کے 3 ارکان اسمبلی بشمول بی جے پی قائد مکل رائے کے فرزند سبرانگشو رائے نے آج بھگوا پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی کیونکہ وہ ریاست میں قائد اپوزیشن کے عہدہ کے دعویدار ہیں اور لوک سبھا انتخابات میں بھگوا پارٹی کے شاندار مظاہرے سے متاثر ہیں۔ وہ بی جے پی میں پارٹی ہیڈکوارٹرس پر جنرل سیکریٹری بی جے پی کیلاش وجئے ورگیہ اور مکل رائے کی موجودگی میں شامل ہوئے۔ ترنمول کانگریس کے تشار کانتی بھٹا چاریہ اور سی پی آئی ایم کے دیویندر ناتھ رائے اور دیگر ارکان اسمبلی جو قبل ازیں بھگوا پارٹی میں کئی کونسلروں کے ساتھ شامل ہوچکے ہیں، موجود تھے۔ بی جے پی قائد انیل راجونی نے اس کی اطلاع دی۔ مکل رائے کو انحراف کا منصوبہ بنانے میں کلیدی شخصیت سمجھا جاتا ہے۔ مکل رائے کو آلۂ کار سمجھا جارہا ہے جنہوں نے ترنمول کانگریس کے ان تمام ارکان کو بھگوا پارٹی میں شمولیت کی ترغیب دی ہے۔ ترنمول کانگریس لوک سبھا انتخابات میں 34 نشستوں سے کم ہو کر صرف 22 نشستوں تک رہ گئی ہے۔ جبکہ بی جے پی کی نشستوں کی تعداد 2 سے بڑھ کر 18 ہوگئی ہے۔

بی جے پی کی مغربی بنگال یونٹ کے تھنک ٹینک مکل رائے کے بیٹے شبھرانشو رائے اپنے حامیوں سمیت بی جے پی میں شامل ہوگئے ہیں۔ریاست میں حکمراں ترنمول کانگریس سے معطل شبھر انشو کے ساتھ 3 اراکین اسمبلی اور تقریباً 50 کونسلرس بھی منگل کو نئی دہلی میں بی جے پی ہیڈکوارٹرس پہنچ کر شمولیت کے بعد باضابطہ رکنیت حاصل کی۔ دہلی کیلئے روانہ ہونے سے قبل شبھر انشو نے صحافیوں کو بتایا کہ وہ اب جو بھی کہیں گے ، دہلی میں کہیں گے ۔شمالی اور جنوبی بنگال سے کچھ اراکین اسمبلی اور کنچراپڑا، ھالی شہر اور نیھاٹی کے 32 موجودہ کونسلر مسٹر شبھرانشو کے ساتھ ہیں۔ واضح ر ہے کہ شبھرانشوکو ان کے اس انکشاف کے بعد 24 مئی کو ترنمول کانگریس سے 6 سال کیلئے معطل کر دیا گیا، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ بیرک پور لوک سبھا نشست سے ترنمول کانگریس امیدوار دنیش ترویدی کو بیج پور حلقہ سے برتری نہیں دلا سکتے ۔ بیرک پور سے بی جے پی امیدوار ارجن سنگھ نے انتخاب جیتا ہے ۔شبھرانشو نے کہا‘‘مجھے اپنے باپ کی قابلیت اور سیاسی سوجھ بوجھ پر فخر ہے ۔ وہ ترنمول کانگریس کے بانی ارکان میں سے ایک تھے اور وہی بنگال میں حکمراں پارٹی کو خاتمے کی طرف لے جائیں گے‘‘۔