کولکاتا 20 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ترنمول کانگریس نے ایگزٹ پولس کو بکواس قرار دیا اور کہاکہ ان کی پارٹی کی اندرونی رپورٹس اور اضلاع کے ہر حلقہ کے انتخاب سے روانہ کی گئی رپورٹس کے مطابق ترنمول کانگریس دوبارہ اپنی نشستیں حاصل کرلے گی۔ ایگزٹ پولس سے عدم متاثر چیف منسٹر ممتا بنرجی نے بھرپور ایقان کا اظہار کیاکہ مرکز میں نئی حکومت کے قیام میں اُن کی پارٹی دوسری پارٹیوں کے ساتھ مل کر اہم رول نبھائے گی۔ بعض ایگزٹ پولس کے مطابق مغربی بنگال میں ٹی ایم سی کو 24 ، بی جے پی کو 16 اور کانگریس کو دو نشستیں حاصل ہوں گی۔ مغربی بنگال سے لوک سبھا کی تیسری بڑی تعداد منتخب ہوگی۔ پہلا مقام یوپی کو جاتا ہے جہاں سے لوک سبھا کی 80 نشستیں، دوسرا مقام مہاراشٹرا کا 48 اور تیسرا مغربی بنگال جہاں سے لوک سبھا کے لئے 42 نشستیں موجود ہیں۔ قومی سطح پر ایگزٹ پولس نتائج نے نریندر مودی کو دوسری میعاد کے لئے وزیراعظم ہونے کا اشارہ دیا ہے جبکہ ٹی ایم سی صدر نے اس کو بکواس کہہ کر مسترد کردیا۔ ممتا بنرجی نے کہاکہ وہ اس طرح کے سروے پر بھروسہ نہیں کرتیں اور اس کا مقصد ای وی ایم میں اُلٹ پھیر کروانا ہے تاکہ این ڈی اے کی تائید میں نتائج تیار ہوسکیں۔ ٹی ایم سی سکریٹری جنرل پارتھا چٹرجی نے پیر کو بیان دیا کہ اُن کی پارٹی ان ایگزٹ پولس سے فکرمند نہیں ہے کیوں کہ اکثر صورتوں میں یہ پولس حقیقت سے بعید ہوئے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ اُن کے پاس اضلاع کی رپورٹس اور ہر حلقہ انتخاب کی ٹی ایم سی رپورٹس موجود ہیں جس سے صاف ظاہر ہے کہ اُن کی پارٹی دوبارہ تمام نشستیں دوبارہ حاصل کرلیں گی۔ ایک دوسرے ٹی ایم سی لیڈر جنھوں نے اپنے نام کو مخفی رکھتے ہوئے کہاکہ اُن کی پارٹی دوسری اپوزیشن پارٹیوں جیسے ایس پی، بی ایس پی، کانگریس، ٹی ڈی پی، عاپ اور دوسری مقامی پارٹیوں سے رابطہ میں ہے تاکہ مابعد نتائج کی صورتحال دیکھتے ہوئے حکمت عملی طے کی جائے اور اُن کے قیاس کے مطابق اپوزیشن پارٹیز برسر اقتدار آجائیں گی اور بی جے پی کے دوبارہ واپسی کے امکانات بہت ہی کم پائے جاتے ہیں۔ ٹی ڈی پی صدر چندرابابو نائیڈو جو مختلف مقامی پارٹیوں سے مسلسل ربط میں ہیں۔ پیر کو ٹی ایم سی صدر ممتا بنرجی نے کلکتہ میں ملاقات کریں گے جبکہ بی جے پی کیڈرشپ نے ٹی ایم سی کو ان کوششوں کا مذاق اُڑایا ہے جو مخالف بی جے پی پارٹیوں کا مجموعہ ہے۔ بی جے پی اسٹیٹ صدر دلیپ گھوش نے کہاکہ اگزٹ پولس کے مطابق ٹی ایم سی انتخابی جنگ ہار چکی ہے اور ممتا بنرجی کا وزیراعظم بننے کا خواب ادھورا ہی رہ جائے گا۔