ترنمول کانگریس قائدین پر بی جے پی کے حملہ کی مذمت

مودی پر مغربی بنگال حکومت کو غیرمستحکم کرنے کا الزام، چندرا بابو
حیدرآباد /15 مئی ( سیاست نیوز ) قومی صدر تلگودیشم پارٹی و کارگذار چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرا بابو نے ترنمول کانگریس قائدین پر بی جے پی کی جانب سے کئے جانیو الے حملوں کے واقعات کی سخت مذمت کی اور آج اپنے ایک ٹوئیٹ پیام کے ذریعہ کہا کہ جمہوریت میں اس طرح کے حملے کوئی مناسب بات نہیں ہوگی ۔ بلکہ یہ حملے بی جے پی کے انتہائی نچلی سطح کے حربوں کے سواء اور کچھ نہیں ہیں ۔ مسٹر چندرا بابو نے مرکزی حکومت بالخصوص وزیر اعظم نریندر مودی پر الزام عائد کیا کہ اب تک ہی سی بی آئی کے ذریعہ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ اور انکم ٹیکس عہدیداروں کے ذریعہ دھاوے کرواتے ہوئے مغربی بنگال حکومت کو کسی نہ کسی طرح سے غیر مستحکم کرنے کی کوشش کی جاتی رہی ۔ صدر تلگودیشم نے بی جے پی کی جانب سے پیش آنے والے ان حملوں پر اپنی سخت برہمی کا اظہار کیا اور نریندر مودی ، امیت شاہ کے ان منصوبوں سے سختی کے ساتھ نمٹنے اور انہیں اس کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے ملک بھر میں پائی جانے والی تمام اپوزیشن جماعتوں سے متحد ہونے کی سخت ضرورت پر زور دیا ۔ مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے صدر ترنمول کانگریس و چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی کے ساتھ اظہار یگانگت کرتے ہوئے امیت شاہ کی جانب سے کروائے جانے والے حملوں کی سخت مذمت کی ۔