ترقی یافتہ اتر پردیش سے ہی ملک اقتصادی سوپرپاور بنے گا: یوگی

لکھنو۔ 24جنوری۔( سیاست ڈاٹ کام ) اُترپردیش کے چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ ملک کی سب سے بڑی ریاست اترپردیش کے ترقی یافتہ ہوتے ہی ملک کو اقتصادی سوپر پاور بننے سے کوئی روک نہیں پائے گا۔ یوگی آدتیہ ناتھ نے آج راجدھانی لکھنو کے اودھ شلپ گرام میں ریاست کے یوم تاسیس کے موقع پر منعقدہ استقبالیہ تقریب میں کہا کہ اتر پردیش کی ترقی سے ہی ملک اقتصادی سوپر پاور بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس بیمار ریاست کو ایک ترقی یافتہ ریاست بنانا ہے ۔ ریاست کے نونرمان کیلئے سب کی شرکت ضروری ہے ۔ وزیر اعلی نے کہا کہ گورنر رام نائک کی تجویز پر پہلی بار ریاست کے یوم تاسیس کا جشن منایا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھگوان رام اور کرشن کی اس زمین کی شاندار تاریخ ہے ۔ یہاں کی عوامی روایات کو اس پلیٹ فارم کے ذریعے ساتھ لانے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ’’ایک ڈیویژن ، ایک پیداوار‘‘کو فروغ دیا جا رہا ہے جس سے یہاں کے مقامی نوجوانوں کو یہیں روزگار مل سکے ۔ عالمی سطح پر اتر پردیش کی ایک الگ پہچان بنانے کیلئے اس منصوبہ کو نافذ کیا گیا ہے ۔