نئی دہلی۔29 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان اور افریقہ اپنے مشترکہ مقاصد جیسے امن، ترقی اور خوشحالی کے معاملہ میں متحد ہیں۔ وزیر امور خارجہ سشما سوراج نے آج یہ بات کہی اور دونوں کے مابین ’’سب کا ساتھ، سب کا وکاس‘‘ کے جذبے کے تحت باہمی تعاون اور پارٹنرشپ کی ضرورت پر زور دیا۔ آج یہاں تیسرے ہند۔افریقہ فورم چوٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے حکومتوں کے سربراہان سے کہا کہ یہ اجلاس ایک خاندان کے ملاپ کی طرح ہے اور انہوں نے اشتراکیت، سامراجیت اور نسلی امتیاز کے خلاف جدوجہد کی مشترکہ تاریخ کی طرف توجہ مبذول کرائی۔ سشما سوراج نے کہا کہ کسی وقت ہندوستان اور افریقہ ایک ہی تھے اور متحد تھے اور آج بھی ترقی خوشحالی اور دنیا بھر میں امن جیسے مشترکہ مقاصد کے معاملہ میں متحد ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ افریقہ میں 2.7 ملین طاقتور ہندوستانی عوام موجود ہیں اور وہ معاشی ترقی میں سرگرم رول ادا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے ہمیشہ افریقہ کی تائید کی ہے اور ہماری جدوجہد ہمیشہ یکساں رہی ہے۔