ترقی کے میدان میں ضلع نلگنڈہ کافی پیچھے

کے جاناریڈی ا ور اتم کمار ریڈی کی نمائندگی بے کار ثابت، وزیر آئی ٹی کے ٹی آر
حیدرآباد۔/24جون، ( سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے قائد اپوزیشن جانا ریڈی اور صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ان دونوں قائدین نے نلگنڈہ سے تعلق کے باوجود ضلع کی ترقی اور عوام کی بھلائی کیلئے کوئی اقدامات نہیں کئے۔ بودھان پوچم پلی میں ہینڈلوم ورکرس کیلئے امدادی پروگرام کے آغاز کی تقریب میں شرکت کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ جانا ریڈی اور اتم کمار ریڈی 6 فیٹ کا قد رکھتے ہیں لیکن اس کا نلگنڈہ کے عوام کو کوئی فائدہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلند قامت قائدین نے عوام کی بھلائی پر توجہ مرکوز نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ جس وقت ضلع نلگنڈہ کے عوام فلوریسیس سے متاثر ہورہے تھے ان قائدین نے اس سے نجات دلانے اور صاف پانی کی سربراہی کیلئے کوئی اقدامات نہیں کئے۔ دریائے کرشنا سے نلگنڈہ کو پانی سربراہ کرنے کیلئے انہوں نے حکومت سے نمائندگی نہیں کی اور آندھرائی حکمرانوں کے زیر اثر اپنے مفادات کی تکمیل کیلئے خاموش رہے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ ان قائدین میں اتنی ہمت نہیں تھی کہ وہ ضلع نلگنڈہ کے مسائل کی یکسوئی کیلئے کرن کمار ریڈی دور حکومت میں آواز اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ سے تعلق رکھنے کے باوجود یہ قائدین آندھرائی حکمرانوں کے دباؤ میں کام کرتے رہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ کانگریس پارٹی نے نلگنڈہ عوام کیلئے کیا خدمت انجام دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتم کمار ریڈی اور جانا ریڈی کو نلگنڈہ کے عوام نے اسمبلی کیلئے منتخب کرتے ہوئے خدمت کا صلہ چکادیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس قائدین جو آندھرائی حکمرانوں کے آگے بے بس تھے آج ٹی آر ایس حکومت کے خلاف الزام تراشی کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو تنقیدوں کے بجائے فلاح اور ترقیاتی کاموں میں حکومت سے تعاون کرنا چاہیئے۔