اقلیتوں ،کمزور طبقات کی بھلائی اور نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی پرتوجہ : چیف منسٹر
حیدرآباد ۔ 29۔ مارچ (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ تلنگانہ ریاست ترقی کی سمت گامزن ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ ترقی کے فوائد ریاست کے ان کمزور پسماندہ طبقات تک پہنچیں جو آبادی میں اکثریت رکھتی ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ تلنگانہ میں 80 فیصد آبادی ایس سی ، ایس ٹی اور بی سی اور اقلیتوں پر مشتمل ہے۔ حکومت ان طبقات کی بھلائی کے علاوہ بیروزگار نوجوانوں کی ترقی پر توجہ مرکوز کرچکی ہیں۔ مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے وفود میں چیف منسٹر سے پرگتی بھون میں ملاقات کرتے ہوئے حکومت کے فلاحی اقدامات اور حال ہی میں طلبہ کے میس چارجس میں اضافہ کے اعلان پر مبارکباد پیش کی۔ چیف منسٹر نے کمزور طبقات کی ہمہ جہتی ترقی کے عہد کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایس سی ، ایس ٹی ، بی سی اور اقلیتوں کو ان کی آبادی کے اعتبار سے تحفظات فراہم کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ اس سلسلہ میں وہ ریاستی سطح پر اقدامات کرنے کے علاوہ مرکزی حکومت پر دباؤ بنائیں گے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ آبادی کے اعتبار سے تحفظات کی فراہمی کے ذریعہ ہی کمزور طبقات کے معیار زندگی کو بلند کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے تحفظات کو مذہب کا رنگ دینے کی کوششوں کو افسوسناک قرار دیا۔ ریاست کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والی تنظیموں اور خاص طور پر پسماندہ طبقات اور طلبہ تنظیموں کے نمائندوں نے پرگتی بھون میں چیف منسٹر سے ملاقات کی اور تلگو سال نو اگادی کی مبارکباد پیش کی ۔ چیف منسٹر نے اس موقع پر کہا کہ تلنگانہ کی معاشی صورتحال بہتر ہوئی ہے جبکہ متحدہ آندھراپردیش میں تلنگانہ کی ترقی کو نظرانداز کردیا گیا تھا۔ ریاست میں ترقی کی شرح 15 فیصد تک پہنچ چکی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں ریاست کے بجٹ میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ترقی کے فوائد غریب اور مستحق افراد تک پہنچنے چاہئے تاکہ ان کی زندگی میں تبدیلی آئے۔ حکومت نے قرض کی پرواہ کئے بغیر بجٹ کو ایک لاکھ کروڑ سے بڑھاکر بھلائی کی اسکیمات پر عمل آوری کو جاری رکھا ہے ۔ انہوں نے میس چارجس میں اضافہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بڑھتی مہنگائی کے سبب طلبہ ضروریات کی تکمیل کیلئے مشکلات کا سامنا کر رہے تھے ۔ حکومت نے اسے محسوس کرتے ہوئے میس چارجس میں اضافہ کیا ہے۔ رکن پارلیمنٹ بی سمن کی قیادت میں مختلف یونیورسٹیز سے تعلق رکھنے والے طلبہ نے چیف منسٹر سے ملاقات اور ان سے اظہار تشکر کیا۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ دیگر طبقات کی طرح درج فہرست قبائل کیلئے 15 اقامتی اسکولس کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ اسی دوران تلنگانہ این جی اوز کے قائدین نے چیف منسٹر سے ملاقات کی اور فلاحی اسکیمات پر عمل آوری کیلئے مبارکباد پیش کی ۔ قائدین نے کہا کہ تلنگانہ ریاست کا بجٹ عوام کی عین توقعات کے مطابق ہے۔ ٹی این جی اوز کے صدر کے رویندر ریڈی ، اعزازی صدر جی دیوی پرساد ، ہاسٹل وارڈنس اسوسی ایشن کے صدر ایل سرینواس ریڈی اور دوسروں نے چیف منسٹر سے ملاقات کی۔ بی سی تنظیموں کے قائدین کے نمائندہ وفد کے ہمراہ رکن اسمبلی آر کرشنیا نے چیف منسٹر سے ملاقات کی اور میس چارجس میں اضافہ پر اظہار تشکر کیا۔ چیف منسٹر نے حکومت کی جانب سے شروع کی گئی فلاحی اسکیمات کا تذکرہ کیا ۔