جموں ۔ 4 جون (سیاست ڈاٹ کام) نیشنل کانفرنس نے آج پی ڈی پی ۔ بی جے پی مخلوط حکومت پر الزام عائد کیا کہ عدیم المثال سیاسی، غیریقینی کی صورتحال میں ریاست جموں و کشمیر کو ڈھکیل چکی ہے۔ نیشنل کانفرنس نے ریاست میں ترقی کی سست رفتار پر اظہارتشویش کیا اور کہا کہ انتخابات کے دوران بلند بانگ دعویٰ کئے گئے تھے کہ پی ڈی پی اور بی جے پی اپنے اپنے متعلقہ حلقوں میں ترقی کی رفتار تیز کردیں گی لیکن عوام محسوس کررہے ہیں۔ ریاست میں ناقص حکمرانی کی وجہ سے دونوں سیاسی پارٹیوں کا سحر ٹوٹ رہا ہے۔ صوبائی صدر نیشنل کانفرنس دیویندر سنگھ رعنا نے پارٹی کے کنونشنوں سے ڈوڈا اور کشتوار میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی پی ۔ بی جے پی حکومت کے غبارہ سے ہوا خارج ہوچکی ہے حالانکہ ابھی اس حکومت نے اقتدار کے 100 دن بھی مکمل نہیں کئے ہیں۔ دونوں پارٹیوں کو تضادات کا سامنا ہے جس کی وجہ سے انتظامیہ مکمل طور پر انتشار کا شکار ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں پارٹیوں کا جادو ٹوٹ چکا ہے اور عوام کو جو وہم ان پارٹیوں کے بارے میں تھا، حدود پار کرچکا ہے۔ چنانچہ حکومت کی ناقص کارکردگی سے عوام دلبرداشتہ ہیں۔ رعنا نے کہاکہ حکومت کا رویہ سیلاب سے متاثرین کے ساتھ انتہائی قابل اعتراض ہے۔ سرحد پر مقیم افرادکی حالت زار کا بھی حکومت کو احساس نہیں ہے۔ بی جے پی اور پی ڈی پی انتخابات سے پہلے اور بعد میں جو کچھ وعدے کررہی تھیں، ان میں سے کسی بھی تکمیل سے قاصر رہی ہیں۔ رعنا نے حکومت کو خبردار کیا کہ وہ عوام کے صبروتحمل کو نہ آزمائیں۔