ترقی کو ’’امراوتی ‘‘تک محدود رکھنے کی مخالفت

دنیا کا کوئی بھی دارالحکومت 33 ہزار ایکر اراضی پر تعمیر نہیں کیا گیا : دھرمنا پرساد
حیدرآباد۔ یکم نومبر (پی ٹی آئی) وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے آج آندھرا پردیش کی تلگو دیشم حکومت کو خبردار کیا کہ وہ ریاستی صدر مقام کیلئے محض ایک ہی مقام پر تمام تر ترقیات کو مرکوز کرتے ہوئے دیگر علاقوں اور عوام میں ناراضگی سنگ بنیاد نہ رکھے۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے جنرل سیکریٹری دھرمنا پرساد راؤ نے کہا کہ ’’تلگو دیشم حکومت کے مجوزہ 9 ہیرے (ترقیاتی شعبہ) ریاست کے دیگر علاقوں میں رہنے والے عوام میں ناراضگی کا سبب بن سکتے ہیں کیونکہ ایک ہی مقام (امراوتی) کی ترقی کیلئے تمام تر توجہ بالکل اس طرح مرکوز کی جارہی ہے جیسا کہ حیدرآباد کی ترقی کیلئے کیا گیا تھا اور اس قسم کی غلطی دہرانے کی کوئی معقول وجہ نہیں ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ امراوتی کی تعمیر کیلئے ہزاروں ایکر اراضی کے حصول میں عوام میں روز بہ روز برہمی اضافہ ہورہا ہے۔ دھرمنا پرساد راؤ نے کہا کہ ’’دنیا کے کسی بھی دارالحکومت کیلئے اس حد تک وسیع و عریض اراضیات حاصل نہیں کی گئیں۔ تلگو دیشم پارٹی روایتی قلم و قرطاس انتظامیہ کے بغیر (الیکٹرانک) حکمرانی کی بات کرتی ہے جبکہ پہلے ہی حاصل کردہ 33,500 ایکر اراضی کے حصول کی ضرورت ہی کیا تھا جبکہ مزید ہزاروں ایکر اراضی حاصل کرنے کی کوششیں جاری ہیں‘‘۔