ترقی پذیر ممالک کو تعلیم کیلئے فنڈ دئے جائیں،برطانیہ سے ملالہ کی اپیل

لندن ۔ 21 جون ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) طالبان کی فائرنگ سے زخمی ہونے والی پاکستانی طالبہ ملالہ یوسف زئی نے برطانوی حکومت سے اپیل کی ہے کہ ترقی پزیر ممالک کو تعلیم کیلئے فنڈ دئے جائیں، وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون کے نام اپنے خط میں ملالہ نے لکھا ہے کہ دنیا کے غریب ترین ممالک میں بنیادی تعلیم کی 4 سالہ ا سکیم میں معاونت کی جائے۔ ملالہ اگلے ہفتے عالمی رہنمائوں کے ساتھ تعلیم کیلئے عالمی شراکت کے موضوع پر برسلز میں ہونے والی کانفرنس میں شرکت کرے گی۔ وزیراعظم کے نام اپنے خط میں ملالہ نے لکھا ہے کہ ہمیں تعلیمی بجٹ میں اضافہ کرنے کی ضرورت ہے

تاکہ تمام بچے خاص طورپر میری جیسی لڑکیاں اسکول جاسکیں۔ مجھے یقین ہے کہ جی پی ای کیلئے آپ جیسے ممالک کی جانب سے مدد و معاونت میں اضافے کی صورت میں تمام بچے تعلیم حاصل کرسکیں گے۔ ملالہ نے لکھا ہے کہ حال ہی میں انتہا پسند گروپ بوکوحرم کی جانب سے نائجیریا میں 200 لڑکیوں کے اغوا اور ان کو مسلسل یرغمال بنائے رکھنے کی وجہ سے یہ مسئلہ ابھر کر سامنے آیا ہے۔ انھوں نے لکھا ہے کہ برطانیہ لڑکیوں اور تعلیم کی حمایت کرنے والا ملک ہے اور مجھے یقین ہے کہ کانفرنس میں آپ کے وعدے کی صورت میں دوسرے ممالک کی جانب سے بھی ایسے ہی وعدے کرلئے جائیں گے مجھے امید ہے کہ آپ کانفرنس میں اپنے نمائندے کو ہدایت کریں گے کہ وہ ممکنہ حد تک کوشش کریں۔ مجھے معلوم ہے کہ برطانیہ جیسے ممالک اس کانفرنس میں پاکستان، نائجیریا اور افغانستان میں مجھ جیسی لڑکیوں کی مدد کرنے کی طاقت رکھتے ہیں۔