عہدہ کیلئے خدمت کیلئے انتخابی میدان میں، مراد نگر میں جلسہ عام سے خطاب
حیدرآباد ۔ 4 ۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) حلقہ اسمبلی نامپلی کے کانگریسی امیدوار محمد فیروز خاں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ترقی اور خوشحالی کیلئے انہیں خدمت کا موقع دیں تاکہ نامپلی اسمبلی حلقہ کو تلنگانہ کے ترقی یافتہ اور مثالی حلقہ میں تبدیل کیا جاسکے۔ فیروز خاں نے انتخابی مہم کے سلسلہ میں مراد نگر میں جلسہ عام سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہر گھر میں خوشحالی اور غریبوں کے مسائل کی یکسوئی ان کا اہم ایجنڈہ ہے، وہ منتخب ہونے پر پانچ برسوں میں عوام کی خدمت کیلئے خود کو وقف کردیں گے ۔ حکومت سے ترقیاتی فنڈس حاصل کرنے کے علاوہ وہ ذاتی خرچ سے فلاحی کام انجام دیں گے ۔ فیروز خاں نے واضح کیا کہ وہ خالص جذبہ کی نیت سے انتخابات لڑ رہے ہیں۔ انہیں کسی عہدہ کا لالچ نہیں ۔ اللہ تعالیٰ نے انہیں دولت ، عزت اور شہرت دی ہے جس کے لئے وہ ہر لمحہ شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ نامپلی کو مقامی جماعت کے روڈی شیٹرس اور غیر سماجی عناصر کے چنگل سے آزاد کریں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اسکیمات میں کمیشن کا حصول معمول بن چکا ہے ۔ اس کے لئے چھوٹے تاجروں کو روڈی شیٹرس ہراساں کرتے ہوئے معمول وصول کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نامپلی سے کرپشن ، کمیشن اور روڈی ازم کا خاتمہ کیا جائے گا۔ عوام کو ان برائیوں سے نجات دلاتے ہوئے نامپلی میں امن اور فر قہ وارانہ ہم آہنگی کا ماحول پیدا کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی ہر غریب کو گھر فراہم کرنا چاہتی ہے۔ غریبوں کے علاج کیلئے آروگیہ شری اسکیم متعارف کی جائے گی جس کے تحت پانچ لاکھ روپئے تک کا علاج مفت رہے گا۔ انہوں نے بتایا کہ بے گھر افراد کو مکانات اور غریبوں کو سفید راشن کارڈ دیئے جائیں گے۔ راشن کارڈ پر غریبوں کو چاول کے علاوہ دیگر اشیائے ضروریہ سربراہ کی جائیں گی ۔ سال میں 6 گیس سلنڈرس مفت سربراہ کئے جائیں گے۔ نامپلی کی پسماندگی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے فیروز خاں نے کہا کہ بیروزگا ر نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔ ان کے لئے مختلف کورسس میں تربیت کا اہتمام کیا جائے گا ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ رائے دہی میں بے خوف ہوکر حصہ لیں اور مقامی جماعت کے عنڈہ عناصر کا مقابلہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ بوگس رائے دہی کو روکنے کیلئے حکمت عملی تیار کی گئی ہے لیکن اس کے لئے عوام کا تعاون ضروری ہے۔ انتخابی مہم کے دوران مجھے سماج کے ہر طبقہ سے جو تائید اور محبت حاصل ہوئی، اس کی بنیاد پر مجھے یقین ہے کہ کامیابی میرے حصہ میں آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ نامپلی کو اگر ترقی دینا ہے تو کانگریس کی کامیابی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر بلدی ڈیویژن میں اسکول اور ہاسپٹل ان کا خواب ہے ، جسے وہ بہر صورت پورا کریں گے۔