ترقیاتی کاموں کے نام سڑکوں کی کھدائی عوام کیلئے درد سر

ملک پیٹ تا چادر گھاٹ خستہ حال سڑک ، نئی سڑک کی تعمیر ندارد
حیدرآباد۔2اکٹوبر(سیاست نیوز) اسمبلی حلقہ ملک پیٹ کے مختلف مقاما ت پر ترقیاتی کاموں کے نام سے کی گئی سڑکوں کی کھدوائی عوام کے لیے درد سر بنی ہوئی ہے۔ عید اورتہواروں کے عین قبل کھدوائی کے بعد بلدی ‘ برقی او رمحکمہ آبرسانی کے عہدیدارکسی نہ کسی بہانے ترقیاتی کاموں کی انجام دہی کو نظر انداز کررہے ہیں جس سے عوام کو کافی مشکلات کاسامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ ملک پیٹ ریلوے برج سے لیکر چادرگھاٹ پل تک خستہ حال سڑک کی وجہہ سے چوبیس گھنٹے مذکورہ سڑک پر ٹریفک جام کی صورتحال ہے اس پر ستم ظریفی یہ کہ اعظم پورہ چمن سے لیکر صحیفہ مسجد تک مختلف محکمہ جات کی جانب سے کھدوائی کی گئی ہے جو عوام کی مصیبت میںاضافے کا باعث بنی ہوئی ہے۔بلدی حلقہ اکبر باغ کا بھی یہی حال جہاں پر دلکشا فنکشن ہال کی عقب والی گلی میں دوماہ قبل نئی سڑک کی تعمیرکے لئے کھدوائی کی گئی تھی مقامی عوام کی جانب سے نئی سڑک کی عاجلانہ تعمیرکے متعلق حکام سے کی گئی نمائندگی کو بھی یکسر نظر انداز کرتے ہوئے سڑک کی تعمیر کو متعلقہ حکام کی جانب سے تعطل کاشکار بنایاجارہا ہے ۔ مقامی لوگوں نے اس ضمن میں متعلقہ حکام سے نمائندگی بھی کی جوبے اثر ثابت ہورہی ہے ۔ اسکول جانے والے معصوم بچوں اور محلے کے معمر افراد او رخواتین کے لئے صبح اور رات کے اوقات میںمذکورہ سڑک سے گذرنا گویا کسی ناگہانی واقعہ کو دعوت دینے کے مترداف ہوگیا ہے۔