کے سی آر ‘ کے ٹی آر و دوسروں کے فون ریکارڈز کی تنقیح پر زور : ایل رمنا
حیدرآباد ۔ 13 ۔ جون : ( سیاست نیوز): صدر تلنگانہ تلگو دیشم پارٹی مسٹر ایل رمنا نے چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راو پر مختلف کاموں کے لیے کمیشنوں کے لالچ پر اولین اہمیت دے رہے ہیں اور کہا کہ زیر تعمیر پراجکٹوں کے لیے رقومات مختص نہ کرتے ہوئے سابق چیف منسٹر آنجہانی وائی ایس راج شیکھر راؤ کے نقش قدم پر گامزن دکھائی دے رہے ہیں ۔ آج یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر ایل رمنا نے تلنگانہ حکومت کو اپنی سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ کسی بھی نوعیت کے بڑے کاموں کے لیے کمیشن دینے کا لالچ بتانے پر ان کی منظوری دی جارہی ہے ۔ انہوں نے قانون ساز کونسل انتخابات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ ، وزیر پنچایت راج مسٹر کے ٹی راما راؤ ، وزیر آبپاشی مسٹر ٹی ہریش راؤ اور رکن پارلیمان شریمتی کے کویتا کے کال ڈاٹا کی تفصیلات حاصل کی جائیں تو ایم ایل سی انتخابات میں کس نوعیت کے واقعات پیش آئے حقائق منظر عام پر خود آجائیں گے اور تلنگانہ عوام کو حقائق کا بہ آسانی پتہ چل جائے گا ۔ مسٹر ایل رمنا نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ سرسبز و شاداب ریاست بننا ہی تلگو دیشم کی خواہش ہے اور اس کے لیے حکومت کے ساتھ بھی تعاون کیا جائے گا ۔