حکومت اور بلدیہ کے وعدے بے وفا ثابت ، بارش پر یاقوت پورہ کے مکانات میں پانی داخل ہونے سے روکنے میں ناکام
حیدرآباد۔12ستمبر(سیاست نیوز) شہر میں ہوئی بارش نے حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ کے ترقیاتی دعوؤں اور کاموں کی قلعی کھول کر رکھ دی ہے اور یہ واضح ہوگیا ہے کہ حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ کے نشیبی علاقوں میں رہنے والوں کے لئے برسوں بعد بھی اب تک بارش کے پانی سے کوئی راحت میسر نہیں آئی ہے اور شہری اب بھی پریشانی اور مشکلات کا سامنا کرنے پر مجبور ہیں جبکہ 2برس قبل ہوئی بارش کے بعد حکومت اور مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے اندرون 100یوم بارش کے پانی کی نکاسی اور گھروں میں پانی داخل ہونے کے مسائل سے شہریوں کو نجات دلوانے کا اعلان کیا تھا ۔ ریاستی حکومت کے اعلان کے ساتھ ساتھ مقامی رکن اسمبلی نے بھی اس بات کا تیقن دیا تھا کہ گھروں میں پانی داخل ہونے کے مسائل اور کھلے نالوں کے مسئلہ کو فی الفور حل کیا جائے گا لیکن ایسا ممکن نہیں ہوپایا اور مسائل جوں کے توں برقرار ہیں ۔ گذشتہ یوم شہر میں ہوئی ایک تا دیڑھ گھنٹے کی بارش نے جو صورتحال پیدا کی ہے اس سے عوام کو اس بات کا اندازہ ہوگیا ہے کہ اب تک جو اعلانات کئے گئے وہ محض اعلان ہی تھا۔ حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ کے عوام نے گذشتہ یوم کی بارش سے گھرو ںمیں جو پانی داخل ہوا اس پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 25برس تک ایک منتخبہ عوامی نمائندے کو مسلسل منتخب کئے جانے کے باوجود ان کے بنیادی مسائل حل نہیں ہوپائے ہیں اور وہ ان مسائل کو حل کئے بغیر اپنا حلقہ تبدیل کروانے میں کامیاب ہوچکے ہیں۔25 سال کے دوران حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ کے نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی کے مسئلہ میں ناکام رکن اسمبلی کے حلقہ کی تبدیلی پر مقامی عوام نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اب انہیں امید ہے کہ حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ کے علاقوں بھوانی نگر‘ امان نگر بی‘ تالاب کٹہ‘ مولی کا چھلہ اور دیگر مقامات پر پانی جمع ہونے کی شکایات دور کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔ بارش کے بعد پیدا شدہ حالات کے دوران مجلس بچاؤ تحریک کے مقامی قائدین و کارکنوں نے ان علاقو ںمیں عوام کے لئے راحت کاری کے کام انجام دیئے اور رات کے کھانے کیلئے پیاکٹس تقسیم کرتے ہوئے پانی کی نکاسی کیلئے عوام کی مدد کی ۔ صدر مجلس بچاؤ تحریک جناب مجید اللہ خان فرحت نے رات دیر گئے ان علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے متاثرین سے ملاقات کی اور فوری راحت کاری کے کام انجام دینے والے ایم بی ٹی کارکنوں کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ مجلس بچاؤ تحریک کی جانب سے اس علاقہ کے مسائل کو حل کرنا اولین ترجیح رہے گی۔انہوں نے25سال سے کامیاب ہونے والے رکن اسمبلی کی جانب سے ان معمولی مسائل کو حل نہ کرنے پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی برداشت کی حد ختم ہوچکی ہے اسی بات کا اندازہ کرتے ہوئے حلقہ تبدیل کیا گیا ہے اور اب حلقہ اسمبلی چارمینار کے عوام کو حلقہ یاقوت پورہ کے حالات کو دیکھتے ہوئے چوکنا ہو جانا چاہئے اور اس بات کا اندازہ کرلینا چاہئے کہ ان کے ساتھ کیا مسائل پیدا ہوسکتے ہیں۔