ترقیاتی کاموں میں حکومت کا امتیازی رویہ ‘ کانگریس کا الزام

صرف ٹی آر ایس ارکان کے حلقوں کو ترجیح ۔ اپوزیشن حلقوں میں رکاوٹ ’ ومشی چند ریڈی
حیدرآباد 26 مارچ ( این ایس ایس ) ٹی آر ایس حکومت کانگریس کی نمائندگی والے اسمبلی حلقوں میں امتیاز کیا جا رہا ہے اور وہاں ترقیاتی کاموں میں رکاوٹ پیدا کی جا رہی ہے ۔ کانگریس رکن اسمبلی ومشی چند ریڈی نے یہ الزام عائد کیا ۔ انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ٹی آر ایس حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ ان اسمبلی حلقوں کی ترقی میں جانبدارانہ رویہ اختیار کر رہی ہے جہاں سے کانگریس کے ارکان منتخب ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کے سلسلہ ٹی آر ایس کے ارکان والے حلقوں کو ترجیح دی جا رہی ہے اور اجازت نامے جاری کئے جا رہے ہیں۔ حکومت کلواکرتی حلقہ اسمبلی میں سی سی روڈ کے کاموں کیلئے اجازت نامے جاری نہیں کر رہی ہے اور وہاں ترقیاتی کاموں میں رکاوٹیں پیدا کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حالانکہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ ‘ ریاستی وزرا کے ٹی راما راؤ اور ٹی ہریش راؤ نے اعلان کیا ہے کہ تمام حلقہ جات اسمبلی کو مساوی ترجیح کے ساتھ ترقی دی جائیگی لیکن اس سمت میں کوئی کام نہیں کئے جا رہے ہیں۔ ٹی آر ایس حکومت کو چاہئے کہ وہ تمام حلقہ جات اسمبلی کیلئے ترقیاتی فنڈز جاری کرنے کے اپنے وعدہ کو پورا کرے اور اس میں یہ امتیاز نہ برتا جائے کہ کس حلقہ سے کس پارٹی کو نمائندگی حاصل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر ریاستی حکومت ایسا نہیں کرتی اور امتیازی سلوک جاری رکھا جاتا ہے تو پھر حکومت کے خلاف عوام بغاوت کردینگے ۔ ومشی چند ریڈی نے یہ بھی کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ وہ ان کے حلقہ اسمبلی میں جو ترقیاتی کاموں کے اجازت نامے طلب کئے گئے ہیں انہیں جاریہ ماہ کے ختم تک جاری کرے بصورت دیگر وہ احتجاجی پروگرام منعقد کرینگے اور اس کے پلان آف ایکشن کا ماہ اپریل میں اعلان کیا جائیگا ۔