مرکزی حکومت کی اسکیمات سے مستفید خواتین سے ڈاکٹر لکشمن کا خطاب
حیدرآباد ۔ 27 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : بی جے پی تلنگانہ اسٹیٹ یونٹ صدر ڈاکٹر لکشمن نے آج خواتین پر زور دیا کہ اگر وہ ترقیاتی اسکیمات کو جاری رکھنا چاہتی ہیں تو وزیراعظم نریندر مودی کے لیے ووٹ دیں ۔ یہاں منعقدہ کمل جیوتی پروگرام سے مخاطب کرتے ہوئے ڈاکٹر لکشمن نے مرکزی حکومت کی مختلف اسکیموں سے استفادہ کرنے والی خواتین سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مرکز کی بی جے پی حکومت نے مدرا یوجنا جیسے پروگرامس شروع کئے ہیں چھوٹے اور متوسط انٹرپرائزس کے لیے شروع کی گئی اس اسکیم سے خواتین کی بڑی تعداد نے استفادہ کیا ۔ اسی طرح اجالا اسکیم ہے جس میں آٹھ کروڑ خواتین کو گیس کنکشنس فراہم کیے گئے ۔ نریندر مودی کے دوبارہ اقتدار پر آنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ڈاکٹر لکشمن نے کہا کہ کے سی آر نے اسمبلی انتخابات میں جذبہ کے باعث کامیابی حاصل کی اور اقتدار حاصل کیا لیکن اب یہ سوال اٹھایا جارہا ہے کہ نریندر مودی کے مقابل کون ؟ آیا راہول گاندھی یا چندرا بابو نائیڈو ، ممتا بنرجی ، اکھلیش یادو یا مایاوتی ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام اس طرح کے اتحاد کو ووٹ نہیں دیں گے کیوں کہ انہوں نے محسوس کرلیا ہے کہ یہ اتحاد کسی بھی طرح نریندر مودی کو اقتدار سے بیدخل کرنا چاہتا ہے لیکن دوسرے سرجیکل حملہ کے بعد عوام نے نریندر مودی حکومت کی جرات مندی کو دیکھا ہے جو اس نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی ہے اور عوام نے حکومت کی تمام ترقیاتی سرگرمیوں اور اسکیمات بشمول دھن یوجنا ، بیٹی پڑھاؤ بیٹی بچاؤ پروگرامس کی ستائش کی ہے ۔۔