حیدرآباد 2 مئی (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو نے حکومت کی فلاحی اور ترقیاتی اسکیمات میں عوام کی شمولیت کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے پارٹی کے عوامی نمائندوں سے کہا کہ وہ اسکیمات پر عمل آوری کے سلسلہ میں پوری دیانتداری اور شفافیت کا مظاہرہ کریں۔ پارٹی کے ٹریننگ کیمپ میں نظم و نسق کے موضوع پر مخاطب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت کی آمدنی اور خرچ کے مسئلہ پر عوامی نمائندوں کو مساویانہ سلوک کے ساتھ کام کرنا چاہئے کیونکہ وہ عوام کو جوابدہ ہیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت جو بھی پروگرام شروع کرتی ہے اس کی عوام میںزیادہ سے زیادہ تشہیر ہونی چاہئے تا کہ اس کے فوائد مستحقین تک پہنچ سکے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی اسکیمات سے جو بھی فوائد حاصل ہوسکتے ہیں ان کی ساری تفصیلات عوام تک پہنچائی جائیں اور عمل آوری میں درمیانی افراد کے رول کو ختم کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ درمیانی افراد کے رول کو ختم کرتے ہوئے اسکیمات میں شفافیت پیدا کی جانی چاہئے ۔