تراویح پڑھانے والے ائمہ کو 10 ہزار روپئے دیئے جائیں

بی جے پی رکن اسمبلی سی رامچندرا ریڈی کی تجویز
حیدرآباد۔ 28 مئی (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ جناب محمد محمود علی نے رکن اسمبلی بی جے پی مسٹر چنتلا رامچندرا ریڈی کی پیش کردہ تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے ماہ رمضان کے دوران مساجد میں نماز تراویح پڑھانے والے حفاظ و پیش اماموں کو کم از کم 10 ہزار روپئے کی مالی امداد کا تیقن دیا۔ بی جے پی رکن اسمبلی حلقہ خیریت آباد مسٹر سی رامچندرا ریڈی نے ماہ رمضان کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس میں یہ تجویز پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ منادر میں سال میں ایک مرتبہ ’’برہموتسوالو‘‘ منظم کئے جاتے ہیں۔ پجاریوں کو کسی مندر میں 10 ہزار اور کسی مندر میں 15 ہزار روپئے اور بڑی منادر میں 20 ہزار روپئے خصوصی طور پر ادا کئے جاتے ہیں لہذا ان ہی خطوط پر ہر ماہ رمضان کے موقع پر مساجد میں نماز تراویح پڑھانے والے حفاظ ہوکہ پیش اماموں کو کم از کم 10 ہزار روپئے حکومت کی جانب سے دیئے جاسکتے ہیں۔ مسٹر رامچندرا ریڈی نے مزید کہا کہ گزشتہ سال بھی اسی نوعیت کے اجلاس میں یہ تجویز پیش کی تھی تب بھی جناب محمود علی صاحب انہیں تیقن دیا تھا لیکن عمل آوری نہیں ہوسکی۔ حکومت کی جانب سے کروڑہا روپئے غیرضروری خرچ کئے جاتے ہیں اور ایک اچھے کاز کیلئے صرف چند کروڑ روپئے خرچ کئے جائیں تو حکومت کو کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ انہوں نے ماہ رمضان کے موقع پر حلقہ اسمبلی خیریت آباد میں پائے جانے والے 469 مساجد میں صفائی اور پانی کے بہتر انتظامات کرنے کی خواہش کی۔