تخریب کاروں سے تشدد ترک کردینے اور ترقی میں حصہ دار بننے کی اپیل

نئی دہلی 15 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) ملک بھر میں آج جذبہ حب الوطنی کے ساتھ 68 ویں یوم آزادی تقاریب کا اہتمام کیا گیا اور کئی مقامات پر قومی ترنگا پرچم لہرائے جانے کے علاوہ شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔ ملک کی مختلف ریاستوں کے چیف منسٹروں نے ترقی کی رفتار کو تیز کرنے کیلئے کئی اسکیمات کا اعلان کیا اور تخریب کاروں سے اپیل کی گئی کہ وہ تشدد کا راستہ ترک کردیں۔ تقریبا تمام ریاستوں کے دارالحکومتوں میں یوم آزادی کے موقع پر رنگا رنگ پریڈ کی گئی اور یہ تقاریب بالکل پرامن طور پر انجام پائیں۔ انتظامیہ کی جانب سے زبردست سکیوریٹی انتظامات کئے گئے تھے جبکہ ماؤیسٹوں کی جانب سے کچھ مقامات پر بائیکاٹ کی اپیل کی گئی تھی ۔ ترقی ‘ تخریب کاری سے نمٹنے اور خواتین و بچوں کی سلامتی جیسے مسائل کے علاوہ سیاسی قائدین نے اپنی اپنی ریاستوں کو درپیش چیلنجس اور مسائل کا تذکرہ بھی کیا اور ان سے نمٹنے کیلئے مختلف اقدامات کا اعلان کیا ۔ سرینگر میں چیف منسٹر جموں و کشمیر مسٹر عمر عبداللہ نے بخشی اسٹیڈیم میں ترنگا پرچم لہاریا جہاں انہوں نے علیحدگی پسندوں کی بائیکاٹ سیاست کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ اس کے نتیجہ میں کچھ بھی حاصل نہیں ہوا ہے ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے ووٹ کی طاقت استعمال کرتے ہوئے ترقی میں اپنا رول ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ پچیس سالوں میں بائیکاٹ سے کچھ بھی حاصل نہیں ہوا ہے ۔ جموں میں اور لداخ میں کافی رائے دہی ہوتی ہے لیکن کشمیر میں نہیں ۔ بائیکاٹ کی سیاست سے کوئی مقصد پورا نہیں ہوا ہے ۔ چیف منسٹر نے اپنی حکومت کے دوران حاصل کردہ کامیابیوں کا تذکرہ کیا اور کہا کہ سڑکوں ‘ سربراہی آب ‘ برقی کی سربراہی ‘ تعلیم اور صحت کے معاملہ میں کافی ترقی ہوئی ہے ۔ نئی تشکیل شدہ ریاست تلنگانہ میں تاریخی گولکنڈہ قلعہ پر چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ترنگا پرچم لہرایا اور یہاں انہوں نے دلتوں کیلئے تین ایکر اراضی فراہم کرنے کا اعلان کیا ۔ امپھال میں چیف منسٹر منی پور اوکرام آئی بوبی سنگھ نے عسکریت پسندوں سے اپیل کی کہ وہ تشدد ترک کردیں اور حکومت کی جانب سے شروع کئے جانے والے ترقیاتی پروگراموں میںحصہ لیں۔ منی پور میں سخت ترین سکیوریٹی بندوبست میں یوم آزادی تقاریب کا اہتمام کیا گیا تھا ۔ یہاں تخریب کار تنظیموں کی جانب سے عام ہڑتال کا اعلان کیا گیا تھا ۔ چیف منسٹر تریپورہ مانک سرکار نے بھی تخریب کاروں سے تشدد ترک کردینے کی اپیل کی ۔ شیلانگ میں میگھالیہ کے چیف منسٹر مکل سنگما نے مرکز اور دوسری شمال مشرقی ریاستوں کی جانب سے تخریب کاری کو حل کرنے کیلئے مبسوط کوششوں کی اپیل کی ۔ ماؤیسٹوں سے متاثرہ ریاست جھارکھنڈ میں چیف منسٹر ہیمنت سورین نے کہا کہ تشدد سے کسی بھی مسئلہ کا حل دریافت نہیں ہوسکتا ۔ انہوں نے کہا کہ صرف ترقی کے ذریعہ ہی عوام کی خواہشات کو پورا کیا جاسکتا ہے ۔ بہار میں چیف منسٹر جیتن رام مانجھی نے گاندھی میدان پر ترنگا پرچم لہرایا ۔ انہوں نے بحیثیت چیف منسٹر مسلسل بارش میں اپنی پہلی یوم آزادی تقریر کی ۔ انہوں نے کئی اسکیمات کا اعلان کیا اور کہا کہ ہر خاندان کیلئے ایک بینک اکاؤنٹ کھولا جائیگا ۔ چیف منسٹر مدھیہ پردیش شیو راج سنگھ چوہان نے کہا کہ ان کی ریاست میں کرشی مہاتسو کا سالانہ اہتمام کیا جائیگا جس کا جاریہ سال آغاز ہوگا ۔