نئی دہلی 6 مئی (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ نے دوشنبہ کو کہاکہ وہ رافیل لڑاکا طیاروں اور کانگریس کے خلاف تحقیر کے معاملوں کی ایک ساتھ سماعت کرے گی۔ تحقیر کی درخواست میں یہ کہا گیا کہ راہول گاندھی نے ’چوکیدار چور ہے‘ کے اپنے جملہ کو عدالت سے منسوب کردیا تھا جس میں وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف یہ بات کہی گئی تھی۔ ایک خصوصی بنچ جس کی سربراہی چیف جسٹس رنجن گوگوئی کررہے تھے اس نے کہا ہے کہ گزشتہ سال کے 14 ڈسمبر کے عدالت کے فیصلے پر نظرثانی کی درخواست کی گئی تھی۔ اس کی سماعت 10 مئی کو کی جائے گی۔ اس بنچ میں جسٹس ایس کے کول اور کے ایم جوزف بھی شامل ہیں۔بنچ نے اس بات پر تعجب کا اظہار کیاکہ نظرثانی کی درخواست اور راہول گاندھی کے خلاف تحقیر عدالت کی درخواست دونوں کی سماعت مختلف تاریخوں میں مقرر کی گئی حالانکہ اس سے قبل دونوں کیسوں کی ایک ساتھ سماعت کا حکم دیا گیا تھا۔